کپتان سرفراز احمدکی ڈانٹ ڈپٹ سے جوش و جذبہ پیدا ہوتا ہے، حسن علی
شارجہ:فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد کا شور مچانا اور کھلاڑیوں کی ڈانٹ ڈپٹ ان کی عادت ہے جس سے مزید اچھی کارکردگی کا جوش و جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بولنگ کی ذمہ داریاں نسبتاًزیادہ ہیں اور وہ اپنی فارم برقرار رکھنے کے لئے فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں۔ بولر نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد وکٹوں کے پیچھے سے چلاتے ہوئے ڈانٹتے نہیں بلکہ حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ حسن علی نے کہا کہ لاہور میں ورلڈ الیون کے خلاف کھیلے گئے میچ میں تماشائیوں کا سیلاب دیکھ کر اب امارات میں سری لنکا کے خلاف میچوں کے دوران تماشائیوں کی کمی کو بہت شدت سے محسوس کیا۔حسن علی نے کہا کہ خوشی ہے کہ سری لنکن ٹیم لاہور میں تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے جارہی ہے اور اپنے ہوم گراونڈ پر پرفارم کرنے کے لئے بہت بے تاب ہوں۔ حسن علی ون ڈے کیرئیر میں 24 واں میچ کھیل کر 51 وکٹیں حاصل کرکے کم میچز میں زیادہ وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔ اس حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ وقار یونس کا ریکارڈ توڑنا ان کے لئے بڑی کامیابی ہے۔