سیریز ہار کر کسینو جانیوالے بنگلہ دیشی کرکٹرز کیخلاف تحقیقات
ڈھاکا:بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران 3کھلاڑیوں کے کسینو جانے کے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ ایسٹ لندن میں آخری ون ڈے میچ کے کچھ دیر بعد ناصر حسین ، تسکین احمد اور شفیع الااسلام نے ٹیم قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک کسینو کا دورہ کیا۔ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے منگل کو اس حوالے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں آخری ون ڈے میں شکست کے بعد کسینو چلے گئے اور مقررہ وقت پر ہوٹل واپس نہیں آئے ۔ ٹیم مینجمنٹ نے اس واقعے کا نوٹس لیا اور بورڈ کو بھی آگاہ کیا جس کے نتیجے میں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہم دورے کے حوالے سے ٹیم انتظامیہ کی رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں اور اس کی روشنی میں کارروائی ہو گی۔بورڈ سربراہ کے مطابق اگر یہ اقدام صرف ایک کھلاڑی نے کیا ہوتا تو اس کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کر دی جاتی لیکن اس میں3کرکٹرز کے ملوث ہو نے کی وجہ سے ہمیں کچھ وقت کی ضرورت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان تینوں کی ملاقات ایک شاپنگ مال میں ابراہم ڈی ویلیئرز ار اورگیسو ربادا سے ہوئی اور انہی کے اصرار پر یہ تینوں ان کے ساتھ کسینو چلے گئے تاہم کسی قسم کا جوا نہیں کھیلا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہدورہ جنوبی افریقہ میں مہمان ٹیم کی مسلسل اور بدترین ناکامیوں کی وجہ سے معاملہ ان کرکٹرز کے لئے بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں یکطرفہ مقابلوں کے بعد کلین سویپ ہو چکی ہے اور اب ٹی ٹوئنی سیریز ہو نے والی ہے ۔