طلباء سرمایہ ہیں ، قونصل جنرل ، معیاری تعلیم فراہم کرنے کےلئے کوشاں ہیں ،پرنسپل عدنان ناصر
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) قونصل جنرل پاکستان شہریار اکبر خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں اساتذہ کا مقام انتہائی اہم ہے ۔ کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی کی بنیاد اساتذہ ہوتے ہیں ۔ وہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول، انگلش سیکشن کے دورے کے بعد طلباءسے خطاب کررہے تھے ۔ شہریار اکبر نے کیمبرج آﺅٹ اسٹینڈنگ لرنر ایوارڈ ز میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ جان کربہت خوشی ہو ئی ہے کہ کیمبرج ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی تعداد میںپچھلے سال کی نسبت اضافہ ہو ا ۔ یہ اضافہ محض اس لئے ممکن نہیں ہواکہ طلبہ و طالبات پڑھائی کے شوقین ہیں یا اساتذہ انہیں پڑھانا چاہتے ہیں یا اس کا سبب صرف یہ نہیں کہ والدین اپنے بچوںکوتعلیمی میدان میں کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔بلکہ حقیقت میںکامیابیوں کا یہ سلسلہ ان تینوں عوامل کے یکجا ہونے کے باعث ہی ممکن ہو ہے۔ بلا شبہ آپ کے والدین آپ کوپڑھائی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔ اسی طرح آپ کے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ نے اس ادارے کااعلیٰ معیارقائم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیںکہ ہمارے معاشرے میں اساتذہ کا انتہائی اہم مقام ہے۔ استاد وہ ہستی ہے جو ہمیں آگے بڑھنا سکھاتی ہے۔ آج میںاس مقام پر اپنے اساتذہ کی وجہ سے ہی ہوں۔ مجھے پی آئی ایس جے ای ایس کے طالب علموں کی سوچ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ وہ مستقبل میںپاکستان واپس جا کر اپنے ملک کی بہتری کے لئے خدمات انجام دیں گے۔ قونصل جنرل نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں۔یاد رکھیے ہمارا تعلق ایک ایسے ملک سے ہے جسے لا تعداد چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ 21ویں صدی میں اطلاعات و معلومات کی فراوانی ہے، دنیا میں لا تعداد مسائل سر ابھار رہے ہیں ۔یقینا آپ جیسے طلبہ ہی پاکستان کے مستقبل کے معمار ہیں۔ پرنسپل عدنان ناصر نے قونصل جنرل شہریار اکبر خان کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے اسکول آکر طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی ۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح والدین اپنی اولاد کو نظریات اور اقدار کا امین بناتے ہیں اسی طرح اسکول ٹیم والدین کی نمائندگی کرتے ہوئے طلباءکومعیاری تعلیم سے آراستہ کر رہی ہے تاکہ وہ مستقبل میں کامیابی کے ساتھ ترقی اور شادمانی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔ بعد ازاںقونصل جنرل پاکستان نے ٹاپ کیمبر ج ایوارڈز حاصل کرنے والے طالب علموں میں تحائف تقسیم کئے اور اساتذہ کو گلدستے پیش کر کے ان کی کاوشوں کو سراہا۔