جدہ .... ہیلپنگ ہینڈگروپ ”Helping Hand Group “ نے ایک مقامی ریستوران میں خواتین کی صلاحیتوں کو منظر عام پر لانے کیلئے ایک رنگا رنگ پروگرام ترتیب دیا۔ پروگرام کی مہمان خصوصی سمیرا عزیز تھیں۔ مہمانِ اعزازی HH کی سینیئر ممبر مسز رضیہ سکندر تھیں۔
پروگرام کی تیاری اور انتظام مسز رخشندہ پوری، مسز بنت الحسن، مسزتاج بانو، مسز فوزیہ فضل اور مسز ممتاز رفیق نے بہت محنت اور لگن سے کیا۔ انکے ساتھ ممبران نے بڑے جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروگرام میں اپنے جوہر دکھائے۔ پروگرام کی نظامت بنت الحسن اور رخشندہ پوری نے کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے مسز سائرہ حنیف نے کیا۔ مسز رخشندہ پوری نے اپنی تقریر میں کہا کہ اس پروگرام کے 2 مقاصد ہیں: ایک تو یہ کہ HH کی ممبران کی تفریحِ طبع کا اہتمام ہو۔ دوسرے یہ کہ انکی صلاحیتیں منظر عام پر آئیں۔
بنت الحسن نے کہا کہ خود اعتمادی انسانی اخلاق کا ایک اہم ترین جوہر ہے ۔ خواتین صحتمند معاشرے کی بانی ہیں۔HH نے جدہ کی خواتین کیلئے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جہاں وہ فلاحی کاموں کے ساتھ اپنی صلاحیتیں اجاگر کرسکیں۔
پروگرام میں جو مقابلے ہوئے ان میں بہترین میک اپ آرٹسٹ، بہترین گلوکارہ، بہترین اداکارہ، بہترین ملبوسات، بہترین اندازِ خرام شامل تھے۔ میک اپ آرٹسٹ کے انتخاب کیلئے ٹونی اینڈ گائے پارلر کی میک اپ آرٹسٹ کو مدعو کیا گیا تھا۔ دیگر مقابلوں کی منصفینِ کرام میں سمیرا عزیز، فرحت نعیم (وائس پرنسپل پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ) اور فریحہ منصور شامل تھیں جنہوں نے بڑی باریک بینی سے فیصلے مرتب کئے کیونکہ مقابلہ بہت کانٹے کا تھا۔
منصفین کے فیصلے کے مطابق بہترین میک اپ آرٹسٹ حمیرا خان، بہترین اداکارہ ببلی خالد، بہترین گلوکارہ فزا درانی، بہترین گیٹ اپ فرح شمشاد اور بہترین انداز ِخرام میں ایمان نے اول درجہ حاصل کیا۔ جیتنے والی خواتین میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے گئے۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں جدہ کی خواتین نے شرکت کی اورHH کی کاوشوں کو سراہا۔
اپنی نوعیت کے اعتبار سے یہ بڑا منفرد پروگرام تھا جس سے یہ اندازہ ہوا کہ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین کی صلاحیتیں اگر بروئے کار لائی جائیں تو بہت مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر مزیدار کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔
٭٭٭٭٭٭