آزاد کشمیر کے 70ویں یوم آزادی پر انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے زیر اہتمام تقریب
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) آزاد کشمیر کے 70ویں یوم آزادی کے حوالے سے یوم تاسیس کی تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب نے کیا، تقریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی اور ادبی تنظیموں کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر کشمیر پریس کلب کے صدر سردار عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھائی آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھیں گے۔ہندوستان استصواب رائے کو زیادہ روک نہیں سکے گا، اس کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔پاکستانی قوم کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور کشمیری ہندوستانی فوج کے ظلم کے باوجود پاکستانی پرچم کو بلند کرتے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر راشد محمود بٹ کا کہنا تھا کہ وادی کشمیر میں روزانہ نوجوانوں کا قتل عام ، لوگوں کی پکڑ دھکڑ اور ماﺅں بہنوں کی بے حرمتی سے دل دہل جاتا ہے۔ مجلس پاکستان کے جنرل سیکریٹری حافظ عبدالوحید کا کہنا تھا کہ وادی کے لوگ آزادی اور الحاق پاکستان کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں، کشمیری عوام کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، ان کی مسلسل جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔پیپلزپارٹی کے اہم رکن احسن عباسی نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کے مبصرین آئے روز کشمیر میں ہونے والے ظلم کی داستانیں لوگوں کے سامنے پیش کرتے رہتے ہیں مگر اقوام عالم خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ آج جو دوبارہ تحریک آزادی میں شدت آئی ہے وہ نریندر مودی کے حکم پر وادی میں ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ ہمارے اندر بھی کچھ کمزوریاں ہیں۔ ان کو دور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کا اچھے انداز میں ساتھ دے سکے۔جمعیت علماءاسلام کے مولانا ہمایوں محسود نے کہا کہ آزاد کشمیر کی آزادی ایک نعمت ہے مگر جب پورا کشمیر آزاد ہوگا تب ہماری مکمل آزادی ہوگی۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری کشمیر پریس کلب سردار نصیر احمد کا کہنا تھا کہ ہند کو کشمیر چھوڑنا ہوگا ،کشمیر کشمیریوں کا ہے۔ہند سمیت پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر کا ہر شخص پاکستان سے الحاق چاہتا ہے۔پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے وسیم ساجد کا کہنا تھا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے کہ کشمیر پاکستان بن کر رہے گا۔ تقریب سے ریاض راٹھور، طارق ایوب، چوہدری محمد رفیق، الیاس رحیم، جنید عباسی اور دیگر نے خطاب کیا۔ آزادکشمیر کی آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔