لندن.... آئینہ ایسی شے ہے جو آپ کو بے نقاب کرتا ہے لیکن اب ایسا اسمارٹ آئینہ بھی تیار کیا گیا ہے جو انتہائی ”سچ بولتے “ ہوئے آپ کو بیحد آرام سے دکھا سکے گا کہ آپ کے چہرے اور گردن پر کتنی جھریاں پڑی ہیں۔ اسکی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہ آپ کو اس امر کی بھی سفارش کرے گا کہ ان جھریوں کے خاتمے کے لئے کونسی دوا استعمال کی جائے۔ اسکی قیمت صرف 319پونڈ ہے۔ جب بھی آپ اس کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں یہ آپ کی جلد کے بارے میں تجزیہ کرکے صاف صاف بتا دیتا ہے۔ اس میں ایک کیمرہ فکس ہے جو چہرے پر جھریوں ، سرخ دھبوں ، سختی اور مسامات کا گہرائی سے جائزہ لیتا ہے لیکن اسکے بعد آپ کو سفارش کرتا ہے کہ انکے خاتمے کیلئے کس دوا کا استعمال زیادہ مناسب ہے۔ خاص بات یہ بھی کہ جب بھی آپ اس آئینے کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں یہ سب کچھ ریکارڈ کرلیتا ہے۔ اس طرح آپ اسکی ”ہسٹری “ میں جاکر دیکھ سکتے ہیں کہ فلاں سال کتنی جھریاں تھیں اور اب کیا صورتحال ہے۔