قذافی اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی کی تیاریاں عروج پر
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے سری لنکا کیخلاف 29اکتوبر کو قذافی ا سٹیڈیم ،لاہور میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے کے لیے نئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق شائقین کے لیے ا سٹیڈیم کے دروازے 3بجے کھولے جائیں گے جبکہ افتتاحی تقریب ساڑھے 4بجے شروع ہوگی۔دونوں ٹیموں کے مابین میچ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق شام 6بجے ہوگا۔کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق میچ کا وقت موسم اور اوس کے خدشے کے پیش نظر تبدیل کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد مہمان ٹیم اتوار کی صبح لاہور پہنچے گی۔ تشارا پریرا الیون کو صدر مملکت کے برابر پروٹوکول دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں پچز، نشستوں کی تبدیلی اور مرمت کا کام حتمی مراحل میں داخل ہوگیا۔سری لنکن ٹیم 8 سال بعدبلندحوصلے کے ساتھ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ اسٹیڈیم کے اطراف نشتر اسپورٹس کمپلیکس 4 دن کیلئے بند کردیاگیاہے۔