Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکن وزیر کھیل ٹیم کے ہمراہ پاکستان آئیں گے

کولمبو:سری لنکا کے وزیرکھیل دیاسری جیاسیکرا بھی کرکٹرز کے ہمراہ پاکستان آئیں گے، ان کا کہنا ہے کہ میں ثابت کرناچاہتا ہوں کہ وہاں کا سفر ہمارے لئے محفوظ ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی ہمیں اس کی یقین دہانی کرادی ہے۔سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلئے لاہور آئے گی جو29 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ کئی اہم کھلاڑی انکار کی وجہ سے مختصر ترین فارمیٹ کے اسکواڈ سے باہر ہوچکے ہیں۔ان میں کپتان اپل تھرنگا بھی شامل ہیں، چمیرا کاپوگدیرا اور سورنگا لکمل نے بھی انکار کیا ہے۔یہ دونوں 2009 ءمیں دورہ پاکستان پر تھے ۔ یہ رپورٹس بھی سامنے آچکی ہیں کہ ٹیم کوچ نک پوتھاس بھی پاکستان آنے میں دلچسپی نہیں رکھتے،اس کی وجہ وہ پہلے ہی اپنی فیملی کو قرار دے چکے ہیں۔جن کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ان کے اور اہل خانہ کے ذہنوں میں پائے جانے والے خدشات کم کرنے کیلئے اب سری لنکن وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا سامنے آئے ہیں، جنھوں نے پلیئرز کے ہمراہ خود بھی لاہور جانے کا اعلان کردیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ یہ ٹور ہماری ٹیم کیلئے محفوظ رہے گا، میں خود اس لئے ان کے ساتھ جاوں گا تاکہ یہ ثابت کرسکوں یہ دورہ ہمارے لئے محفوظ ہے۔ ہماری ٹیم کیلئے پاکستان میں سیکیورٹی ایشو نہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے سری لنکا نے ٹیم کی قیادت 28 سالہ آل راونڈر تشارا پریرا کے سپرد کی ہے،وہ گزشتہ ماہ لاہور میں کھیلی جانے والی آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ورلڈ الیون کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔

شیئر: