پی سی بی نے انضمام کو ٹی 10لیگ میں فرنچائز خریدنے سے روک دیا
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق سے کہا ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات میں مجوزہ ٹی 10 لیگ میں کوئی فرنچائز نہیں خرید سکتے البتہ کسی ٹیم کے مینٹور بن سکتے ہیں۔ دوسری جانب انضمام الحق نے بتایا کہ میرا ٹی 10 لیگ کی فرنچائز سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی میں نے کوئی ٹیم خریدی ہے البتہ میرے بھائی انتظار الحق کے ایک ٹیم میں شیئر ہیں۔ بورڈ نے مجھے یہی کہا کہ میں ایسا کوئی کام نہیں کرسکتا جو بورڈ کی پالیسیوں سے متصادم ہو البتہ اگر میں چاہوں تو کسی ٹیم کے ساتھ وہ خدمات انجام دے سکتا ہوں جو بورڈ کی پالیسی سے متصادم نہ ہوں لیکن میڈیا یہ دعویٰ غلط کررہا ہے کہ میں نے کوئی فرنچائز خرید لی ہے۔پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انضمام الحق پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف سلیکٹر ہیں لیکن وہ ہمارے لئے اپنے باقی کام نہیں روک سکتے۔ ٹی 10 ٹورنامنٹ میں امارات کرکٹ بورڈ کی دلچسپی بہت ہے لیکن ہم نے امارات کرکٹ بورڈ سے کہا کہ کوئی ایسا منصوبہ نہ لایا جائے جس میں ہمارا نقصان ہو۔ یاد رہے کہ یہ ٹورنامنٹ دسمبر میں ہوگا ۔پاکستانی فرنچائز بھی یہ لیگ کرانے کو تیار ہیں جبکہ کچھ نے ٹیمیں بھی خریدی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے کئی کھلاڑیوں کو اس نئی لیگ کے لئے ریلیز کردے گا۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹی 10 لیگ کو اس نے نہ منظور کیا ہے اور نہ ہی اس ٹورنامنٹ کو نامنظور کرکٹ میں شامل کرسکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی 10 لیگ خالصتاً امارات بورڈ کا منصوبہ ہے چونکہ پاکستان اپنی انٹر نیشنل ہوم کرکٹ متحدہ امارات میں کھیلتا ہے اس لئے پی سی بی اس لیگ کی مخالفت نہیں کرسکتا ۔