Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوٹرل گراونڈز پر کھیلنے سے پاکستانی کرکٹ کو نقصان ہے، انضمام الحق

دبئی:سابق کپتان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹرانضمام الحق نے کہا ہے کہ ملک سے باہر کھیلنا ہماری کرکٹ کو نقصان پہنچا رہا ہے اب یہ صورتحال ہو گئی ہے کہ موجودہ ٹیسٹ اسکواڈ میں کوئی ایسا کھلاڑی موجود نہیں جسے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں نہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کو بھاری خسارے کا سامنا ہے بلکہ ہماری کرکٹ بھی تباہ ہو رہی ہے۔ کھلاڑیوں کو اس بات کا علم ہی نہیں کہ اپنے ملک میں اپنے عوام کے سامنے کھیلنے کا لطف کیا ہے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے جو ش وجذبے اور اعتمادسے کتنا فائدہ ہوتا ہے ۔سیکیورٹی مسائل سے پاکستانی ٹیم 2009 ءکے بعد سے نیوٹرل گراونڈم پر کھیلنے پر مجبور ہے ۔ انضمام نے کہا کہ یہ بات بہت تکلیف دہ اور افسوس ناک ہے کہ ہم اپنے موسم اور ماحول سے نیوٹرل مقامات پر کھیل کر ناقابل تلافی نقصان سے دوچار ہیں اس کا خمیازہ کھیل کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو بھی بھگتنا پڑ رہا لیکن اب امید پیدا ہونے لگی ہے کہ ایک مرتبہ پھر اپنے اسٹیڈیمز اور گراونڈز کو آباد دیکھ سکیں گے۔آئی سی سی الیون کے دورے نے نئے امکان پیدا کر دیئے ۔انضمام نے کہا کہ اب سری لنکن ٹیم کے لاہور جاکر کھیلنے کی امید ہے سری لنکن بورڈ کے تعاون پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ہمیں یقین ہے کہ سری لنکن ٹیم کا دورہ ہمارے دیگر غیر ملکی ٹیموں کی میزبان کی راہ ہموار کردے گا۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم میں کئی نئے اور نوجوان کھلاڑی شامل ہیں اور یہ لوگ ابھی سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں چند ماہ کے بعد ٹیم اے اچھے ٹیسٹ اسکواڈ کا روپ دھارنے میں کامیاب ہو جائے گی۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہم صرف مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل ہی نہیں ڈھونڈ رہے بلکہ ایسے نوجوانوں کھلاڑیوں کی تلاش میں بھی ہیں جو ٹیم کو آگے لے جاسکیں۔

شیئر: