Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلفیئر اتاشی کی جانب سے عشائیہ، کمیونٹی کے لئے اظہار تشکر

 استاد حامد علی خان کے کنسرٹ کو کامیاب بنانے والے افراد مدعو،کمیونٹی ممبران نے جس طرح ساتھ دیا وہ قابل تحسین ہے،محمود لطیف
 
 ذکاءاللہ محسن۔ ریاض
 
ریاض:سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کی جانب سے ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں گزشتہ ہفتے استاد حامد علی خان کے کنسرٹ کو کامیاب بنانے والے افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پرکمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا کہ یہ ایک بہت بڑا پروگرام تھا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس کو کامیاب بنانے کے لئے کمیونٹی ممبران نے جس طرح سفارت خانے کا ساتھ دیا وہ قابل تحسین ہے، جس پر وہ ذاتی طور پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پاکبانوں کی فیملیز کےلئے بھی تفریحی پروگرام ترتیب دئیے جائیں جن کا انعقاد بھی جلد کیا جاے گا۔انھوں نے میڈیا نمائندوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح سعودی میڈیا اور پاکستانی میڈیا میں پروگرام کو کوریج دی ہے، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ 
  مسلم لیگ ن ریاض کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے ہمارے ذمے جو کام لگایا گیا تھا ہماری کوشش رہی کہ اس کو اچھے انداز میں کیا جائے ۔
زاہد لطیف سندھو کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ہم اپنی ایک الگ پہچان رکھتے ہیں اور ہمارے ثقافتی رنگ سب سے الگ ہیں۔
بلیک سنیما پروڈیکشن کی جانب سے بلال ارشد اور محمد سلمان کا کہنا تھا کہ ہم سفارت خانہ پاکستان کے بے حد ممنون ہیں کہ انہوں نے ہمیں موقع فراہم کیا جس کی بدولت ہم نے اپنی تمام تر ترجیحات کو بروکار لا کر پروگرام کے انتظامات کئے۔
مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری ناصر حسین اور وقار نسیم وامق نے بھی حامد علی خان کے پروگرام کے انعقاد کو سراہا۔
 

شیئر: