ریاض.... یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کیلئے قائم اتحاد نے واضح کیا ہے کہ ایران میزائل ، بارودی سرنگوں، گولہ بارود اور طرح طرح کے اسلحہ حوثیوں کو فراہم کرکے خطے کا امن تہہ وبالا کررہا ہے۔ ایران سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 22 اور 16 کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے جس میں تمام ممالک پر حوثیوں کو کسی بھی قسم کا اسلحہ فراہم کرنے پر پابندی لگی ہوئی ہے۔ عرب اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ اور چیف آف اسٹاف نے ریاض میں منعقدہ اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ عرب اتحاد کے فوجی حملے مروجہ بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہیں۔ انہوں نے بچوں کو جنگ میں جھونکنے اور انہیں عسکری تربیت دے کر اپنے ساتھ شامل کرنے پر حوثیوں باغیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ عرب وزراءنے توجہ دلائی کہ یمنی عوام کیلئے جو امدادی سامان بھیجا جارہا ہے اسے حوثی لوٹ لیتے ہیں۔ اسی وجہ سے عوام میں قحط اور وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔ عرب وزراءخارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اور حزب اللہ کے حمایت یافتہ حوثیوں کی مجرمانہ سازشوں اور سرگرمیوں کو طشت از بام کئے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں نے سعودی عرب پر اب تک 77 میزائل داغے ہیں۔ پوری دنیا میں حوثی واحد مسلح دہشت گرد گروہ ہے جس کے پاس بیلسٹک میزائل بھی ہیں۔