Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کونسا بولر عمران خان اور وسیم اکرم کی یاد تازہ کرتا ہے؟ سروے کانتیجہ

 محمد عامرنے 41.17 فیصد،حسن علی نے 32.92فیصد ، عثمان شنواری 21.12فیصد اور شاداب خان 2.8فیصد ووٹ لئے
ندیم ذکاءآغا۔ جدہ
 
گزشتہ ماہ سے متحدہ عرب امارات میں پاک سری لنکا کرکٹ سیریز کی گہما گہمی جاری تھی۔"urdunews.com"نے اس گہما گہمی سے لمحہ بہ لمحہ کرم فرماﺅں کو باخبر رکھا اور انہیںتمام معلومات سے آگاہ کیا۔”اردونیوزڈاٹ کام“نے اپنے ”زائرین“ کی دلچسپی برقرار رکھنے کیلئے ایک سروے کا سلسلہ بھی شروع کیاجس کا مقصد پاکستانی ٹیم کے نوجوان بولرز کا تعارف پیش کرنا اورشائقین کرکٹ کی جانب سے ان کے کھیل کو ہر انداز سے پرکھنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ پاکستا ن کے کرکٹ لیجنڈ 1992ءکا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان عمران خان اور ان کے ساتھی بولر وسیم اکرم جنہوں نے کرکٹ کے آسمان پر پاکستان کانام بلند کیا ، ”اردونیوزڈاٹ کام“نے ان کی سحر انگیز بولنگ کا دنیائے کرکٹ کے موجودہ گیند بازوں کا موازنہ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ شائقین کرکٹ کس بولر کو وسیم و عمران کا پرتَو، ان کا عکس یاان کی چھب قرار دیتے ہیں یا ان کی یاد تازہ کرتے ہیں۔ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پی ایس ایل کے آغاز سے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک سے ایک بولر کی طویل قطار لگ گئی۔ ان کی بولنگ کا انداز دیکھ کر بولرز کا انتخاب کرنے والے ذمہ دارانِ پاکستان خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے کہ کس کو منتخب کریں اور کس کو نااُمید بے سبب کریں۔”اردونیوزڈاٹ کام“کے سروے میں 4بولرز کو چنا گیا ۔ فاسٹ بولرز کے ساتھ موازنہ کرنے کیلئے ایک اسپنر بولر کو بھی سروے کا حصہ بنایا گیاتھا تا کہ دلچسپی کو تقویت ملے اور حصہ لینے والوں کی صلاحیتوں کا انداز ہ ہو سکے کہ عمران خان اور وسیم اکرم جیسے تیزطرار بولرز کے ساتھ اسپنرز کی یاد کو کیسے تازہ کیا جا سکتاہے؟ 
اس سروے میں ہمارے کرم فرماﺅں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔موجودہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بولر محمد عامر، حسن علی، شاداب خان اور عثمان خان شنواری میں سے سب سے زیادہ 41.17ووٹ محمد عامر نے حاصل کئے حالانکہ حالیہ ٹورنامنٹ میں ان کا زیادہ وقت اپنی نجی مصروفیات میں گزرا کیونکہ ان کے ہاں بیٹی کی ولادت ہوئی تھی۔ حسن علی چونکہ ابھی تک غیر شادی شدہ ہیں اس لئے فی الحال اس قسم کی نجی مصروفیات سے نابلد ہی ہیں۔حسن علی اپنی نابغہ روزگار بولنگ سے پورے ٹورنامنٹ میں اپنے چاہنے والوں اور دیکھنے والوں کومسحور و محظوظ کرتے رہے ۔ انہوں نے 32.92فیصد ووٹ حاصل کئے اور ”اردونیوزڈاٹ کام“کے سروے میں دوسرے نمبر پر رہے ۔حسن علی کی نظریں آئندہ ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں۔ سروے میں تیسرے نمبر پر رہنے والے بولر عثمان خان شنواری تھے جن کے بارے میں کہا جا سکتا ہے کہ ”وہ آیا اور چھا گیا۔“ عثمان خان نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا اور پانچویں میچ میںصرف 34رنز دیکر 5وکٹیں لیں اور اپنے دوسرے ہی میچ میں مین آف دی میچ قرار پائے ۔ بائیں ہاتھ سے خوبصورت یارکر پھینکنے والے اس بولر نے چونکہ ابھی زیادہ میچزنہیں کھیلے اس لئے ”ویب سائٹ سرفرز “ کی تیز نظریں انہیں زیادہ نہ پرکھ سکیں اسی لئے عثمان شنواری 21.12فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر رہے۔انگنت صلاحیتوں کے مالک حیرت انگیز بولر شاداب خان چونکہ بنیادی طور پر اسپنر ہیں اور ان میںآل راونڈربننے کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہیں، وہ اپنے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کےلئے کوشاں ہیں ۔ شاداب خان نے حالیہ سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے آخری اوور میں خوبصورت اسٹریٹ ڈرائیومیں چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔مین آف دی میچ کے ساتھ کپتان سرفراز احمد کی جانب سے دلچسپ انداز میں پذیرائی ملنے پر وہ انتہائی خوش نظر آئے۔سرفراز احمد نے ان کی اس شاٹ کو” ملین ڈالر سکسر“ قرار دیا۔ ہماری ویب سائٹ کو دیکھنے والوں نے عمران خان اور وسیم اکرم کے ساتھ موازنہ کرنے میں شاداب خان کو زیادہ ووٹ نہیں دیئے ۔ شاداب خان 2.8فیصد ووٹ لے کر چوتھی پوزیشن پر رہے۔ شاداب خان کی بولنگ کا دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ وہ شروع میں فاسٹ بولنگ کراتے رہے ہیں لیکن چونکہ انہیں اسپنر کے طور پر زیادہ کامیابیاں حاصل ہوئیں چنانچہ انہوں نے اسپنر کی حیثیت سے اپنی صلاحیتیں منوانے کا عمل جاری رکھا ۔ وہ مستقبل میں آل راونڈر کے طور پراپنا نام اور مقام پیدا کرنے کاعزم مصمم کئے ہوئے ہیں۔ اردونیوز کی ویب سائٹ"urdunews.com"پر کھیلوں کی خبروں میں دلچسپی، دلکشی و دلربائی برقرار رکھنے کیلئے آئندہ بھی اس طرح کی سروے کا سلسلہ، ان شاءاللہ، جاری رہے گا۔ 
 
 

شیئر: