محمد عامر کا سامنا کرتے ہوئے وکٹ بچانا آسان نہیں ہوتا ، ویرات کوہلی
ممبئی:ہندوستانی کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین ویرات کوہلی نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو پھرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں دنیا کا مشکل ترین بولر قرار دیا ہے ۔ٹی وی پروگرام میں جب میزبان اور بالی وڈ اسٹار عامر خان نے ان سے سوال کیا کہ کون سا بولر انہیں پریشان کرتا ہے توجواب میں ویرات کوہلی نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کا نام لیا۔ہندوستانی کپتان نے کھلے دل سے اعتراف کیا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران میں نے جن بولرز کا سامنا کیا ان میں پاکستانی بولر محمد عامر مشکل ترین تھے۔ کوہلی نے کہا عامر اس وقت دنیا کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں ۔ ان کے خلاف بیٹسمین کواپنا بہترین کھیل پیش کرنا پڑتاہے ورنہ وکٹ بچانا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں عامر کو اس لئے بھی سراہتا ہوں کہ اس کی وجہ مجھے اپنی بہترین صلاحیتوں کے مظاہرے کا موقع ملتا ہے اپنی تمام تر بیٹنگ صلاحیتوں کو بروئے کار لانا پڑتا ہے ۔کوہلی نے ماضی میں بھی محمد عامر کی تعریف کی ہے۔ ایشیا کپ میںہندکے خلاف شاندار بولنگ کے بعد ویرات کوہلی نے کہا کہ محمد عامر نے جس طرح بو لنگ کی، میں اس پر ان کی تعریف کرنا چاہوں گا۔ جب وہ بولنگ کررہے تھے تو اسی وقت میں نے ان کی تعریف کی تھی اور مجھے خوشی ہے کہ میں ان کے شاندار اسپیل کا سامنا کرنے میں کامیاب رہا۔ وہ ایک ورلڈ کلاس بولر ہیں۔ایشیا کپ ہی کے دوران ویرات کوہلی نے اپنا بیٹ بھی محمد عامر کو تحفے کے طور پر دیا تھا۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہندکےخلاف چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے دوران یادگار اسپیل میں بھی ویرات کوہلی کی وکٹ محمد عامر نے ہی لی تھی۔