حیدرآباد پین اینڈ پلیٹیوکیئر ٹرسٹ موذی امراض کے مریضوں کی نگہداشت اور علاج کاشعور پیدا کرتا ہے
جدہ ( امین انصاری )حیدرآباد پین اینڈ پلیٹیوکیئر ٹرسٹ کا جدہ میں جائزہ اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ٹرسٹ کے ذمہ داران اور ممبران نے شرکت کی ۔ صدر پین اینڈ پلیٹیو کیئر ٹرسٹ میر محمود علی اور جنرل سیکریٹری مرزا قدرت نواز بیگ نے اپنے حالیہ دورہ حیدرآباد میں ٹرسٹ کا دورہ کیا اور اسکی جائزہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے میر محمود علی نے کہا کہ الحمدللہ ٹرسٹ اللہ کی اس مخلوق کی خدمت میں سرگرداں ہے جو موذی امراض جیسے کینسر ، بیڈ سوز ،ٹی بی ، جذام اور متعدد لا علاج امراض میں مبتلا ہیں اور انہیں گھر والے اس حال میں چھوڑ دیتے ہیں کہ بس موت آجائے تو ہم انکی ذمہ داری سے سبکدوش ہوجائیں ۔ ٹرسٹ ایسے مریضوں تک پہنچتا ہے اور ان کا مکمل معائنہ کرکے ان کی نگہداشت کے طریقہ کار کو ان کے افراد خاندان کو ٹریننگ دیتا ہے نیز جنہیں ہاسپٹل میں شریک کرنے کی ضرورت ہوتی ہے انہیں اپنی کیئر وین کے ذریعہ اسپتال میں داخل کرایا جاتا ہے جس کیلئے ہم نے ا سپیشل بیڈ محفوظ کئے ہوئے ہیں۔جنرل سیکریٹری قدرت نواز بیگ نے کہا کہ ایسے موذی مریضوں کے گھر پر جب ایمبولینس جاتی ہے تو قرب و جوار کے احباب بے مقصد تبصرے شروع کردیتے ہیں لہذا ہماری ڈاکٹرز اور نرسز کی ٹیم ایک سادہ ایمبولینس جس پر کوئی اسٹیگر نہیں لگا ہوتا اس کے ذریعے جاتے ہیں اور اس مریض کے گھر سے کافی دور روک کر پیدل جاکر پہلے مریض کا معائنہ کرتے ہیں پھر ضرورت کے مطابق علاج تجویز کرتے ہیں ۔ بستر پر پڑے ہوئے کافی مریضوں کو بیڈ سوز ہوجاتے ہیں ان کی پیٹ میں کیڑے پڑ جاتے ہیں الحمدللہ ہماری نرسز اور ڈاکٹرز اس کی صفائی بغیر کسی کراہیت کے کرتے ہوئے اہل خانہ کو ٹریننگ دیتے ہیں ۔ اعجاز احمد خان ،عبدالرحمان بیگ صحافت بیگ ، ،ذاکر حسین ، سید عزیز ،حبیب شیخ ، عامر عبدالغفار اور احمد عبدالحکیم نے کہا کہ اس کام کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہماری تھوڑی سے نگہداشت سی زندگی سے مایوس ہونے والے مریضوں میں جینے کی خواہش بڑھ جاتی ہے اور درد سے کراہنے کے بجائے اللہ تعالی کی حمد و ثنا بیان کرنے لگتا ہے ۔