حیدرآباد۔۔۔ حیدرآباد میٹرو ریل کا آغاز 28نومبر سے ہوگا ۔ توقع ہے کہ اس کی تجارتی سرگرمیاں 18ٹرینوں کے ساتھ شروع ہوں گی تاہم ٹرینوں کی تعداد میں مسافرین کے لحاظ سے بتدریج اضافہ ہوگا۔ حیدرآباد میٹر و ریل کی جانب سے اس کے تمام کمرشل آپریشنز کے آغاز سے پہلے ہی تمام تعمیراتی کام مکمل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے تاکہ مسافرین کے آرام دہ سفر کو یقینی بنایا جاسکے۔ میٹرو ٹرین کی خدمات دیگر ریاستوںمیںبھی چند ٹرینوںکے ساتھ شروع ہوئی تھی اور مسافرین کی تعداد کے لحاظ سے اس میں اضافہ ہوا تھا۔میٹر و ریل کے ذرائع کے مطابق ابتدا ء میں تجسس اور ٹرین کی خدمات کے ساتھ ساتھ اس کی سہولتوںکو دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں مسافرین اس سے استفادہ کر سکتے ہیں تاہم مسافرین کی تعداد میں کمی ہوسکتی ہے۔ایسا ملک کے دیگر میٹرو شہروںمیںبھی دیکھا گیا ہے۔حیدرآباد میں میٹرو ریل کے ذمہ دار چاہتے ہیں کہ روزانہ 45000تا50000مسافرین اس سے استفادہ کریں۔ دہلی میںہردن تقریباً 27لاکھ مسافرین میٹرو سے استفادہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی ، گلوبل انٹر پرینر شپ پروگرام میں شرکت کے موقع پر شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کا افتتاح کریں گے۔ان کے دورہ کے سلسلہ میںانتظامات کئے جارہے ہیں۔