ہند میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ جیتنے کی کوشش ہوگی، سری لنکن کپتان
کولکتہ:سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دنیش چندی مل نے کہا ہے کہ ہم اس مرتبہ ہند میں ٹیسٹ میچ جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ کولکتہ میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ہندوستانی سرزمین پراپنے خراب ٹیسٹ ریکارڈ کو فراموش کرکے آئے ہیں اور اس مرتبہ تاریخ رقم کرنے کےلئے پر عزم ہیں ۔ یہ میرا بھی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ پہلا دورہ ہند ہے اور اس کے علاوہ مجھے ٹیم کی قیادت بھی کرنی ہے تو میرے لئے یہ دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے اور میں کامیابی حاصل کرکے اسے یادگار بنانا چاہتا ہوں۔ موجودہ ٹیم میں صرف سابق کپتان اینجلو میتھیوز اور رنگانا ہیرتھ ہی ایسے کھلاڑی ہیں،ہم سب کے لئے یہ ایک چیلنج ہے کہ تاریخ رقم کریں۔سری لنکن کپتان نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کےلئے بھی سنہری موقع ہے کہ وہ ہند جیسی بڑی اورنمبر ون ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اعتماد حاصل کریں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ سب اپنی 100 فیصد صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 0-2سے فتح سے ہمیں بہت حوصلہ اور اعتماد ملا ہے اور امید ہے کہ ٹیم اس کارکردگی کو ہند کے خلاف بھی دہرانے میں کامیاب رہے گی ۔ہند میں اس نے اب تک17ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے 10 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بقیہ 7بے نتیجہ رہے۔سری لنکا کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کولکتہ کے شائقین کے سامنے کھیلنا اچھا اور خوشگوار تجربہ ہوگا ۔دریں اثناءسری لنکن کپتان دنیش چندیمل پر ”جادوگرنی“ سے مدد لینے کے حوالے سے کئی صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا ہند وستانی ٹیم کے خلاف فتح کےلئے بھی جادو کی مدد لیں گے؟ایک رپورٹر نے استفسار کیا کہ ہند آنے سے پہلے کسی جادو گرنی سے رابطہ کیا؟سری لنکن کپتان کے لئے ان سوالات کا کوئی تسلی بخش جواب دینا مشکل ہو گیا اور وہ سوالات کو ٹالنے کی کوشش کرتے رہے ۔ اس مرحلے پر ٹیم منیجر اسانکا گروسنہا ان کی مدد کے لیے آگئے۔انہوں نے کہا کہ ہم میدان میں اچھی پرفارم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ چندیمل نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کو جادوگرنی سے مدد لینے کا نتیجہ قرار دیا تھا۔