بریدہ.... سعودی عدالت نے مقامی شہری کو اپنی مطلقہ اور اولا د کے نان نفقہ کی مد میں تقریباً ساڑھے 4 لاکھ ریال ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ مطلقہ نے دعویٰ دائر کرکے اولاد اور اپنے نان نفقہ کا مطالبہ کیا تھا۔ کئی برس سے نان نفقہ دینے سے گریز کررہا تھا۔ قصیم ریجن کے دارالحکومت بریدہ کی عدالت کے جج نے مطلقہ اور اولاد کیلئے نان نفقہ کا فیصلہ جاری کرکے موثر بہ ماضی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسے 2 لاکھ 70 ہزار ریال کی رقم گزشتہ مہینوں کے نان نفقہ کی مد میں دینے کی ہدایت کی گئی۔ علاوہ ازیں جج نے یہ فیصلہ بھی دیا کہ وہ اپنے ہر بیٹے کو ماہانہ ایک ہزار ریال نفقہ کی مد میں ادا کرے۔ جج نے اولاد کی رہائش کیلئے فلیٹ کا کرایہ بھی اسے ادا کرنے کاپابند بنایا۔جج نے کہا کہ سالانہ 30 ہزار ریال کرایہ ادا کرے۔ اسی کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ ریال کار کی مد میں دینے کی بھی ہدایت جاری کی۔ مجموعی رقم 4 لاکھ 45 ہزار ریال بن گئی ۔ جج نے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے 5 دن کی مہلت دے دی۔ فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں اسے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ مملکت سے سفر نہیں کرسکے گا۔ ای گورنمنٹ خدمات سے محروم کردیا جائے گا اور آخر میں ساما کے توسط سے مذکورہ رقم اس کی آمدنی سے حاصل کرلی جائے گی۔