آسٹریلیا اور ڈنمارک نے فیفا ورلڈ کپ2018ءمیں جگہ پکی کرلی
جمعرات 16 نومبر 2017 3:00
سڈنی:ڈنمارک کے کرسٹیان ایرکسن اور آسٹریلیا کے مائل جیڈنک کی ہیٹ ٹرکس کی بدولت ان کی ٹیمیں اپنے دوسرپلے آف میچوں میں جمہوریہ آئر لینڈ اور ہونڈوراس کو شکست دے کر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔ڈنمارک نے جمہوریہ آئرلینڈ کو 1-5اور آسٹریلیا نے ہنڈوراس کو 1-3 کی مجموعی برتری سے شکست دےکر 2018ءمیں ہو نے والے فیفا ورلڈ کپ میں جگہ بنالی۔ پہلے پلے آف کے دوران ان کے میچ برابر رہے تھے ۔ڈنمارک کی جانب سے ان کے انگلینڈ کے مشہور کلب ٹوٹنہم ہوٹسپر میں کھیلنے والے کرسٹیان ایرکسن نے یکے بعد دیگرے 3گول کرتے ہوئے نہ صرف ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹیم کی فتح بھی یقینی بنادی ۔ دیگر2گول بینٹنر اور کرسٹی نے اسکور کئے ۔کرسٹی جمہوریہ آئر لینڈ کے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے اپنی ٹیم کے خلاف خود گول کرکے ڈنمارک کو برتری دلا ئی تھی۔ دوسری جانب آسٹریلیا اور ہونڈوراس کے درمیان بھی میچ یکطرفہ رہااور جنوبی امریکی ٹیم خلاف توقع آسٹریلیا کےلئے کوئی مسئلہ نہیں بن سکی۔ ہوم گراونڈ پر ہو نے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے مکمل برتری کے ساتھ فتح سمیٹی اور کپتان مائل جیڈنک نے ہیٹ ٹرک کرکے شائقین کے دل جیت لئے۔ اس میچ کے چاروں گول دوسرے ہاف میں ہوئے ۔جیڈنک نے 2گول پنالٹی ککس پر جبکہ ایک شاندار فری کک کے ذریعہ اسکور کیا ۔ہوہنڈوراس کا واحد گول میچ کے آخری منٹ میں کیا گیا۔