Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر مشتمل کشمیر اوورسیز فورم

    ریاض ( نمائندہ اردونیوز)کشمیر کاز کو دنیا بھر میں بہتر انداز میں اجاگر کرنے کے لئے آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر مشتمل کشمیر اوورسیز فورم کا قیام عمل میں لایا گیا،فورم کے اجلاس میں عہدیداروں کاچناؤ بھی کیا گیا جس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سردار عبدالرزاق سرپرست اعلیٰ، جماعت اسلامی کے چوہدری محمد رفیق چیرمین، مسلم کانفرنس کے سردار محمد کبیر چغتائی سینیئر وائس چیئرمین، پیپلزپارٹی کے پرویز کھٹانہ  وائس چیئرمین، پیپلزپارٹی کے سردار نصیر خان وائس چیئرمین، جماعت اسلامی کے افتخار شاکر وائس چیئرمین، مسلم کانفرنس کے سجاد حسین وائس چیرمین، مسلم لیگ ن کے حاجی احسان دانش جنرل سیکرٹری، مسلم لیگ ن کے اعجاز ہمدانی ڈپٹی جنرل سیکریٹری، پرویز شاکر انفارمیشن سیکرٹری، مسلم لیگ ن کے جنید عباسی رابطہ سیکرٹری، مسلم کانفرنس کے ملک محمد کبیر فنانس سیکرٹری اور چیف آرگنائزر پی ٹی آئی کے شکیل احمد کو چنا گیا، اس موقع  پر سرپرست اعلیٰ سردار محمد رزاق نے کہا کہ ہم جتنے کشمیری ہیں اتنے ہی پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں،کشمیر اوورسیرز فورم بنانے کا مقصد یہی ہے کہ  ہندوستان جس طرح کشمیریوں  پر ظلم وجبرکر رہا ہے  بطور کشمیری ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ہندوستانی جارحیت کا مکروہ اور گھناؤنا چہرہ دنیا پر آشکار کیا جائے، ہم پاکستانی گورنمنٹ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں کیونکہ پاکستانی گورنمنٹ نے کبھی بھی کشمیر کاز پر سمجھوتہ نہیں کیا،چیئرمین چوہدری رفیق کا کہنا تھا کہ کشمیر کا کوئی ایسا گھر نہیں جس میں کسی شہید کا جنازہ نہ اٹھا ہو۔جنرل سیکرٹری حاجی احسان دانش کا کہنا تھا کہ فورم کا قیام چار سال قبل ہی عمل میں لایا گیا تھا مگر ہم چاہتے تھے کہ کشمیر کی تمام۔سیاسی جماعتوں کو یکجا کیا جائے جس میں ہم کامیاب رہے ہیں۔ ہم کشمیری سمجھتے ہیں کہ کشمیر کے بنا تکمیل پاکستان کا خواب ابھی تک ادھورا ہے،شرمندہ تعبیر  ضرور ہوگا۔ شکیل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہند بلوچستان کے حوالے سے مہم چلا کر کشمیر کے اندر جاری ظلم پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے جو کہ ہم کبھی ایسا ہونے نہیں دیں گے، سردار نصیر کا کہنا تھا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق آزادی نہیں مل جاتا، ہم سکھ کا سانس نہیں لے ںگے اور ہندکے کالے کرتوتوں کا پردہ ہر فورم پر چاک کرتے رہیں گے۔ تقریب سے الیاس رحیم، جنید عباسی، شکیل احمد اوردیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔

شیئر: