سعودی عرب سے اتوار19 نومبر کو شائع ہونے والے عربی اخبارات کی شہ سرخیاں کیا ہیں:
الاقتصادیہ:۔
الاقتصادیہ میں صفحہ اول پر شائع ہونے والی سرخیوں میں پہلی ”سعودی عرب کے محفوظ اثاثے 4برس کی آمدنی کے برابر، عالمی شرح کے حساب سے 14گنا زیادہ،محفوظ اثاثے ہر طرح کے جھٹکے جھیل سکتے ہیں“۔
دوسری سرخی”سعودی عرب میں غیر منقولہ جائدادوںکے سودوں میں کمی کا سلسلہ جاری، 12.5فیصد کمی واقع ہوئی،بنگلوں کے اوسط نرخ 18فیصد اور رہائشی پلاٹس کے نرخ 16فیصد کم ہوگئے“۔
تیسری سرخی ”سرمایہ کاری میں مالیاتی شبہات کے باعث ڈوئچے بینک قطر کا تعاقب کرنے لگا، جرمنی میں مالیاتی کنٹرول بورڈ نے تحقیقات شروع کردی“۔
الاقتصادیہ کی چوتھی سرخی کچھ اس طرح ہے ” جاپانی کاروں میں خرابی کی اصلاح کی اپیلوں اور بدنامیوں کے واقعات سے جاپانی کار صنعت غیر معمولی طور پر متاثر، ہونڈا نے 9لاکھ گاڑیا ںاور سبارو نے 4لاکھ گاڑیاں فنی خرابی کی اصلاح کیلئے طلب کرلیں“۔
پانچویں سرخی پاسداران انقلاب کے حوالے سے کچھ اسطرح ہے”پاسداران انقلاب کی مافیا ایرانی معیشت پر قابض، 55فیصد قومی پیداوار ہڑپ رہی ہے، پاسداران انقلاب کے قائدین سالانہ 200ارب ڈالر ہتھیانے کیلئے ایک دوسرے کے خون کے پیاسے“۔
٭٭٭٭٭٭
المدینہ:۔
المدینہ اخبار کی صفحہ اول کی پہلی سرخی”بدعنوانی کا انسداد کمپنیوں کی ذمہ داری کی نشاندہی اور نگرانی کی راہ ہموار کرنے لگا، مالیاتی اور قانونی امور کے ماہرین نے انسداد بدعنوانی مہم کی حمایت کردی“۔
دوسری سرخی یوں ہے ”باحہ میں فوجداری کی عدالت نے بدعنوانی کے 16مقدمات کی سماعت کا آغاز کردیا“۔
تیسری سرخی یہ رہی ” جرمن وزیر خارجہ کی دروغ بیانی کے بعد سعودی عرب نے برلن سے اپنا سفیر واپس بلالیا“۔
چوتھی سرخی ”سماجی ترقیاتی بینک کے بجٹ کا 67فیصد حصہ تنخواہوں اور 33فیصد قرضوں کے حوالے“۔
پانچویں سرخی ”مکہ مکرمہ کے منصوبے ترقیاتی حکمت عملی راسخ کررہے ہیں،نتائج جلد برآمد ہونگے“۔
چھٹی سرخی ”ایک لاکھ سعودی ڈرائیور خواتین ایپلی کیشن گاڑیاں چلائیں گی‘ کریم کمپنی نے اسکیم تیار کرلی“۔
ساتویں سرخی حوثی باغیوں کے حوالے سے ہے” حوثی باغیوں نے عدالت کو یرغمال بنالیا اور معزول صدر علی صالح کی پارٹی نے تعلقات منجمد کرنے کی دھمکی دیدی“۔
آٹھویں سرخی کچھ اسطرح رہی ”2111غیرقانونی تارکین کو مکانات کرائے پر دینے والوں کو احتساب کیلئے طلب کرلیا گیا“۔
نویں سرخی تیل برآمد کرنے والے ممالک کے حوالے سے اس طرح ہے ” تیل برآمد کرنے والے ممالک میں زیادہ منافع کمانے والے ملکوں میں سعودی عرب سرفہرست“۔
٭٭٭٭٭٭٭٭