2018 ءمیں سیاح ٹرانزٹ سیاحتی ویزے حاصل کرسکیں گے، سلطان بن سلمان
ریاض.... سعودی محکمہ سیاحت و قومی آثار کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ 2018 ءکے دوران سیاح ٹرانزٹ سیاحتی ویزے حاصل کرسکیں گے۔ مملکت نے اس سلسلے میں مطلوبہ تیاریاں کرلی ہیں۔ غیر ملکی سیاح سعودی عرب کثیر تعداد میں آنے لگے ہیں۔ وہ سی این این کے میزبان رچرڈ کوئسٹ کے " کوئسٹ ایکسپرس" کے پروگرام میں اظہار خیال کررہے تھے۔ شہزادہ سلطان بن سلمان نے کہا کہ خلیجی عربی اور ہمارے یہاں سیاحوں میں دلچسپی بڑھنے لگی ہے۔ گزشتہ چار برسوں کے دوران کافی تعداد میں سیاح پہنچے۔ سعودی عرب نے غیر ملکی سیاحوں کے داخلے پر عائد پابندیوں میں تخفیف کردی ہے ۔سیاح براہ راست پروازوں کے ذریعے مملکت آسکتے ہیں ۔ہوٹلوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ بنیادی ڈھانچہ اعلیٰ درجے کا تیار کرلیاگیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کا نیٹ ورک بچھا دیا گیاہے۔ سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کا طریقہ بہتر بنایا گیاہے ۔ سیاح مملکت میں آنے والی تبدیلیاں دیکھ کر خوشی کا اظہار کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ مرحلے میں سعودی عرب سیاحوں کا پسندیدہ ترین ملک بن جائے گا۔ انٹرنیٹ کے ذریعے بھی سیاحتی ویزے حاصل کئے جاسکیں گے۔ سعودی عرب سیاحت کے شعبے میں آنے والی تبدیلیوں کو سمجھ کر کارروائی کرنے والا ملکی عملہ تیار کر رہا ہے۔