سعودی شہریوں ا ور مقیم غیر ملکیوں کو احتیاطی تدابیر کی ہدایت، آج جدہ میں بارش متوقع
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہری دفاع نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔ آئندہ چند روز میں مکہ مکرمہ ریجن کے ساحلی علاقوں میں متوقع بارش اور گردو غبار کے پیش نظر شہری اور مقیمین احتیاط کریں ۔ کرنل سرحان نے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کا حوالے دیتے ہوئے کہا ہے کہ اطلاعات کے مطابق جدہ ، اللیث اور رابغ کے علاقوں میں آج ( بروز پیر ) سے بدھ 22 نومبر تک کہیں کہیں گرج چمک اور کہیں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے ۔ بعض علاقوں میں گرد وغبار کا طوفان بھی آنے کا امکان ہے ۔ اس ضمن میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے ریجن کے مختلف علاقوں میں قائم ہنگامی مراکزکو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوںمیں انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے بھی پیشگی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ کرنل سرحان نے مزید بتایا کہ موسم برسات کے حوالے سے محکمہ شہری دفاع کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈئیر جنرل سالم المطرفی کی سربراہی میں میٹنگ منعقد کی گئی جس میں ہنگامی حالات سے نمٹنے اور موسم برسات کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بارے میں تفصیلات پرغور کیا گیا ۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے شہریوں اور مقیمین سے کہا گیا ہے کہ وہ ساحلی علاقو ں اور وادیوں میں قیام کرنے سے اجتناب کریں۔ بارش کے دوران آبی گزر گاہوں کے قریب نہ جائیں ۔ گھروں میں نصب بجلی کے میٹروں کی قبل از وقت اصلاح کر یں تاکہ شارٹ سرکٹ نہ ہو۔ شہری دفاع کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں ۔