کمپنیاں کار انشورنش اسکیم پر قدرتی آفات کے نقصان کا معاوضہ نہیں دینگی
ریاض.... انشورنس کمپنیوں کے ترجمان عادل العیسیٰ نے واضح کیا ہے کہ بارش یاسیلاب سمیت قدرتی آفات سے متاثر ہونے والی گاڑیوں کے مالکان کو انشورنس اسکیم کے تحت کوئی معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔ کار انشورنس اسکیم میں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصان کا تدارک شامل نہیں ہے۔العیسیٰ نے واضح کیا کہ بارش سے ہونے والا کوئی بھی نقصان تھرڈپارٹی کرانے والے کسی بھی شہری یا مقیم غیر ملکی کو پورا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ اگر قدرتی آفات کے باعث کسی کا گھر یا دکان یا ادارہ متاثر ہو گا تو شہری دفاع کی رپورٹ منسلک کرنے پر نقصان کی تلافی ہو گی۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ انشورنس کمپنیاں نقصان کی جزوی تلافی کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکمل انشورنس اسکیم کرانے والوں کو قدرتی آفات سے پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ دیا جائے گا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مکمل انشورنس " تامین شامل" کرانے والوں کو نقصان کا معاوضہ یکبارگی دیا جاتا ہے۔ ایسا نہیں ہوتا کہ ایک گاڑی کے مالک کو اس کے نقصان کا معاوضہ دیا جائے اور پھر دوسری گاڑی کے مالک کو نقصان کا معاوضہ پیش کیا جائے۔ انشورنس کمپنیاں بارش یا سیلاب کو ایک حادثے کے طور پر لے کر ہی نقصان کا تدارک کرتی ہیں۔