کیا مصالحہ دار کھانا صحت کے لیے نقصان دہ ہے ؟
جمعرات 23 نومبر 2017 3:00
پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں مصالحہ دار چٹ پٹے کھانےپسند کیے جاتے ہیں تاہم مصالحہ دار کھانوں کے حوالے سے یہ خیال بھی کیا جاتا ہے کہ یہ صحت کے لیے خطرناک ہوتے ہیںلیکن ایک حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ مصالحہ دار کھانے ان کھانوں سے بہتر اور صحت کے لیے فائدہ مند ہیں، جن میں نمک یا چینی زیادہ ہوتی ہے۔امریکن ہرٹ ایسوسی ایشن کے سائنس جرنل ’’ہائپرٹینشن‘‘ میں شائع چینی یونیورسٹی چونگ چنگ کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق مصالحہ دار کھانے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے سمیت ڈائٹ کے لیے بھی بہتر ہوتے ہیں اور شوگر لیول کو بھی کنٹرول کرتے ہیں ۔
ماہرین نے مصالحہ دار اور نمکین کھانوں کے انسانی صحت پر پڑنے والے اثرات کے لیے 600 افراد کے ذہنوں کا سی ٹی اسکین کرکے جائزہ لیا۔جائزے سے پتہ چلا کہ جو افراد مصالحہ دار کھانا کھاتے ہیں، وہ دراصل زیادہ نمک کھانے سے گریز کرتے ہیں، اور ان کی صحت ان افراد کے مقابلے زیادہ بہتر ہوتی ہے، جو نمکین کھانے کھاتے ہیں۔ماہرین کے مطابق مصالحہ دار غذا کھانے کا مطلب نمک میں موجود سوڈیم کا یومیہ ایک ہزارگرام کم استعمال کرنا ہے، اور زیادہ سوڈیم یا نمک کا استعمال بلڈ پریشر سمیت دیگر بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔رپورٹ مرتب کرنے والے ماہرین نے کہا کہ زیادہ مصالحہ یا مرچیں کھانے والے افراد مختلف جسمانی درد اور اضافی وزن سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔