قومی ٹی ٹوئنٹی سیمی فائنلز 29نومبرکو کھیلے جائیں گے
راولپنڈی:پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے 2بار ملتوی ہونے والے سیمی فائنل میچز اب29نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ جیتنے والی دونوں ٹیموں کے مابین فائنل 30 نومبر کو ہوگا ۔ راولپنڈی میں جاری اس نیشنل ایونٹ کا فائنل فور مرحلہ ہفتہ کو مکمل ہونے کے بعد چیمپئین ٹیم کا فیصلہ پیر کو ہونا تھا لیکن فیض آبادمیں دھرنے کے خلاف ایکشن کی وجہ سے حالات کشیدہ ہوگئے جس کے باعث سیمی فائنلز ایک روز کی تاخیر سے کروانے کا فیصلہ کیا گیا لیکن حالات بہتر نہ ہونے پر ان کا انعقاد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق دھرنا ختم ہونے کے بعد سیمی فائنلز اب 29نومبر بدھ کو جبکہ فائنل جمعرات30نومبر کو کروایا جائے گا ۔ کھلاڑی گھروں کوروانہ ہوگئے تھے میچز کیلئے واپس آجائیں گے۔پہلا سیمی فائنل لاہور ریجن اور فیصل آباد جبکہ دوسرا سیمی فائنل لاہور بلیوز بمقابلہ فاٹا کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ شیڈول کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی27نومبر کو مکمل ہونے کے بعد قائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کا سپر8 مرحلہ 29نومبر کو شروع ہونا تھا تاہم اب قومی ایونٹ کی تکمیل کے بعد ہی قائداعظم ٹرافی کا سپر 8 مرحلہ شروع ہو گا اور اس کیلئے شیڈول کا اعلان جلدمتوقع ہے۔