اوٹاہ ، امریکہ .... مال اسباب کی طرح جانوروں کو بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ لیجانا ایک بڑا مسئلہ ہے اور اگر یہ کام خشکی کے راستے اور ٹرکوں اور بسوں کے ذریعے کیا جائے تو اور بھی خطرناک ہوتا ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں اوٹاہ ہائی وے پر دیکھنے میں آیا جب ایک ٹرک نما بڑی گاڑی اچانک سڑک پر الٹ گئی اور اس میں موجود درجنوں گائیں سڑک سے آمد ورفت کرنے والی متعدد گاڑیوں کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں۔ حادثے کے وقت یہ گاڑی 45میل فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی تھی۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ درجنوں گایوں کی ہلاکت کے علاوہ کئی گائیں شدید زخمی بھی ہوئی ہیں۔ یہ حادثہ اوٹاہ شاہراہ پر بنے ہوئے پل 1-84 پر پیش آیا۔ حادثے کے بعدسڑک پر چاروں جانب ہلاک اور زخمی ہونے والی گایوں کا خون پھیلا ہوا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرک نما گاڑی میں کم سے کم 25گائیں تھیں۔ حادثے کے بعد شاہراہ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور راستہ کئی گھنٹوں کیلئے بند کردیا گیا۔حادثے کے باعث موقع پر پہنچنے والے اہلکاروں نے اس بات سے لاعلمی ظاہر کی ہے کہ انہیں اس بات کا درست اندازہ یا علم نہیں کہ حادثے میں کتنے جانور ہلاک ہوئے کیونکہ جائے حادثہ کی صورتحال اتنی وحشتناک تھی کہ خود انکے ہوش و ہواس جاتے رہے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ انہیں سکتہ ہوگیا ہو۔ حادثے کے وقت راستے سے آمد ورفت کرنے والے کئی لوگوں کا کہنا تھا کہ اس ہولناک حادثے کو دیکھ کر اپنی کاروں اور گاڑیو ںکو بحفاظت ڈرائیو کرنے میں دشواری محسوس کررہے تھے۔ عین ممکن تھا کہ وہ کسی دیوار یا گاڑی سے ٹکرا جاتے اور پھر حادثات کا سلسلہ شروع ہوجاتا۔