سالفورڈ .... مشہور برطانوی موجد نے کچھ عرصہ قبل یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایسا لباس تیار کریگا جس کے ذریعے پاور فلائٹ کا نیا ریکارڈ وہ قائم کرلے گا۔ اسکا کہناہے کہ اس نے 40ہزار پونڈ کی لاگت سے ایک خاص قسم کا سوٹ خود ہی تیار کیا تھا اور اب اس کا عملی مظاہرہ کرنے کیلئے وہ میڈیا سٹی کے سامنے اڑان بھرنے لگا ہے۔ 38سالہ موجد رچرڈ برائوننگ کا کہناہے کہ اسکا کوئی کاروباری مقصد نہیں۔ اس نے صرف تفریح کیلئے یہ لباس تیار کیاتھا مگر یہاں اسے جن لوگوں نے بھی اڑتے ہوئے دیکھا وہ اسے دیکھ کر حیران اور ششدر رہ گئے۔ واضح ہو کہ رچرڈ کے پاس جسم سے کنٹرول ہونے والے پاور سوٹ پہن کر انتہائی تیزی سے اڑان بھرنے کا ریکارڈ بھی موجود ہے اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی اسکا نام شامل ہے۔ اب لوگ اسے حقیقی زندگی کا مرد آہن قرار دے رہے ہیں۔ واضح ہو کہ جس علاقے میں اس نے اپنے لباس سے اڑنے کا مظاہرہ کیا وہ مانچسٹر شپ کینال پر واقع میڈیا سٹی کے نزدیک ہے۔گزشتہ مہینے رچرڈ نے32میل فی گھنٹے کے حساب سے اڑنے کا ریکارڈ قائم کرکے گنیز بک میں اپنی جگہ بنائی تھی۔ حیرت انگیز کارنامہ انجام دینے کے بعد رچرڈ برائوننگ نے کہا کہ یہ کھیل بھی فارمولا ون کار ڈرائیو جیسا ہے یا آپ اسے اسپورٹس بائیک کی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ یہ دو چیزیں ہیں جس میں اگر سب ٹھیک ہوجائے تو بات بن جاتی ہے ورنہ معمولی سانقص کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتا ہے اور پھر دوسرے لوگوں کی ہمت نہیں بندھتی کہ وہ ایسے کارنامے انجام دیں۔ یہ ایسا کارنامہ ہے جسے انجام دینے کیلئے 100فیصد ذہنی یکسوئی چاہئے اور یہ بات ہے کہ جب وہ یہ لباس پہن کر اڑتا ہے تو اسے اڑنے کے علاوہ دنیا کی کسی بھی چیز کاخیال نہیں رہتا۔ واضح ہو کہ رچرڈ برائوننگ ان دنوں گریویٹی نامی کمپنی چلا رہے ہیں جو ایروناٹیکل بزنس کے حوالے سے جانی جاتی ہے۔ 6ماہ قبل قائم ہونے والی اس کمپنی کی قیمت 2کروڑ پونڈ تک پہنچ گئی ہے۔