ماسکو.... روسی دارالحکومت کی مصروف شاہراہ پر اتاری گئی ایک وڈیو نے نہ صرف ماسکو بلکہ پورے ملک میں حیرت اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس وڈیو میں ایک 4سالہ بچہ 60میل فی گھنٹے کی رفتار سے گاڑی چلاتا نظر آتا ہے اور ایک کراسنگ پر اسے اگلی گاڑی سے آگے نکلنے کی کوشش کرتا ہوا بھی دکھائی دیا۔وڈیو کو غور سے دیکھنے پر پتہ چلتا ہے کہ درحقیقت یہ 4سالہ بچہ ایک خاتون کے زانوں پر بیٹھا ڈرائیونگ کررہا تھا جس کا نام آریانا ظاہر کیا گیاہے تاہم بچے کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ اس وڈیو کے اجراء کے بعد ہی لوگوں نے بڑی تعداد میں اپنے غصے اور برہمی کا اظہار کیا ہے اور پولیس نے لوگوں کو مزید مشتعل ہونے سے بچانے کیلئے یہ یقین دلایا ہے کہ انہوں نے واقعہ کی چھان بین شروع کردی ہے۔وڈیو دیکھنے والوں کا کہناہے کہ انہیں مرسیڈیز بینز چلانے والے اس لڑکے کی حالت دیکھ کر سخت صدمہ ہوا ہے اور وہ اس خاتون کے عقل کا ماتم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتے جس کا نام آریانا ظاہر کیا گیا ہے۔ چند منٹ پر مشتمل اس وڈیوکواس کے باپ نے نیٹ پر جاری کیا ہے۔ اطلاعا ت کے مطابق بچے کے باپ کا نام اسلام ہے اور وہ ماسکو میں رہتا ہے لیکن بنیادی طور پر وہ داغستان کا رہنے والا ہے۔ڈرائیور کرتے بچے کی وڈیو کار کی عقبی سیٹ پر بیٹھے ہوئے باپ ہی نے تیار کی ہے اور بیٹے کی ڈرائیونگ دیکھ کر خوشی اور جذبات کے مارے نعرے لگاتا ہوا بھی نظر آرہا ہے۔ روسی ذرائع ابلاغ نے اس واقعہ کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک قرار دیا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنی خراب اور ہولناک وڈیو نہیں دیکھی۔ یہ بچے کی حوصلہ افزائی نہیں تھی بلکہ اسکی جان سے کھیلنے کی کوشش تھی تاہم شکر کا مقام ہے کہ یہ احمقانہ کوشش ناکام ہوئی اور بچہ محفوظ رہا۔ لوگوں کا کہناہے کہ بچے کے والدین کے خلاف فوراً قانونی کارروائی کی جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔