پیرس ۔۔۔ انٹر نیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن ’ آئی او ایم‘ نے کہا ہے کہ رواں سال میں بحیرہ روم اور خشکی سے یورپ جانے کے لیے پناہ گزین اپنی زندگیوں کو دائو پر لگانے کے عمل کا جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس کوشش میں 5 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ انٹر نیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی جانب سے جاری کردہ اعداوشمار میں کہا گیا ہے کہ یورپ کی بحیرہ روم کے کنارے واقع سرحدیں پناہ گزینوں کے لیے "جان لیوا ترین" علاقے ہونے کی خصوصیت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں اور کسی دوسرے ملک میں پناہ لینے کی کوشش کے دوران ان راستوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 80 تک پہنچ چکی ہے۔آئی او ایم کی رپورٹ کے مطابق ان پناہ گزینوں کی اکثریت سمندر میں ڈوب کر یا پھر خشک علاقوں سے گزرتے وقت پیاس سے ہلاک ہوئی ہے جبکہ3ہزار افراد بحیرہ روم کے راستے یورپ جانے کی کوشش کے دوران ہلاک ہوئے ۔ جنوری 2000 سے ابتک بحیرہ روم میں ڈوبنے والے پناہ گزینوں کی تعداد 33 ہزار 800 ہے۔