Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچے کی سالگرہ پر فائر فا ئٹرز کی شرکت

 ویئر کاؤنٹی ، جارجیا.....   بچوں کیلئے سالگرہ یا اس جیسی دوسری تقریبات بڑی اہمیت رکھتی ہیں اور اگر بچہ کسی اعصابی یا نفسیاتی مرض میں مبتلا ہو تو اسکے لئے یہ خوشی اور بھی اہمیت رکھتی ہے ۔ یہاں رہنے والے 7سالہ بچے ہولڈن کی ساتویں سالگرہ منائی جارہی تھی۔ اس نے اپنے ہم جماعت ساتھیوں کو شرکت کی دعوت دی تھی اور دن اور وقت تک بتا دیا تھا مگر جب وقت پر کوئی بھی ساتھی اسکے گھر نہ پہنچا تو آٹسٹک مرض میں مبتلا یہ بچہ اور بھی تکلیف میں مبتلا ہوگیا۔ والدین سے بچے کی یہ تکلیف دیکھی نہ گئی کیونکہ انہوں نے بھی ا پنے بچے کی سالگرہ کیلئے بہت ساری تیاریاں کررکھی تھیں۔ ابھی وہ اپنے بچے کی مایوسی کا احساس پوری طرح سے کر ہی رہے تھے کہ انہیں اپنی بالکنی سے جو منظر نظر آیا وہ انکے لئے کافی حوصلہ افز ا نظر آیا کیونکہ کچھ فائرفائٹرز اپنی وردیوں میں ملبوس ہوکر  اپنی سرخ رنگ کی بڑی گاڑی میں  کہیں جارہے تھے۔ بچے کے والد نے فیصلہ کرنے میں تاخیر نہیں کی اور وہ ایک منٹ ضائع کئے بغیر فائر فائٹرز کے پاس پہنچا اور انہیں صورتحال سے آگاہ کیا جس سے سب متاثر ہوئے اور انہوں نے سالگرہ کی تقریب میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔ بچے کی سالگرہ کو دلچسپ بنانے کیلئے خوبصورت کھلونے بھی خریدے جس سے بچہ بیحد خوش ہوا۔ فائر فائٹرز کی شرکت نے بچے کو اپنے ساتھیوں کی غیر حاضری سے ہونے والی پریشانی اور مایوسی سے نجات دلادی تھی۔ سالگرہ کی تقریب کی وڈیو فائر فائٹرز نے بھی اتاری اور کچھ دیگر لوگوں نے بھی اتار کر نیٹ پر جاری کر دی۔ جس میں ہولڈن کی والدہ نے بتایا کہ انکا بیٹا ان فائر فائٹرز کو اپنا ہیرو سمجھ رہا ہے اور انہوں نے اسے جو تحائف دیئے ہیں وہ اسے اب تک کا سب سے بہترین تحفہ سمجھتا ہے۔  کہا جاتا ہے کہ ساتھیوں کو نہ پاکر بچے نے رونا بھی شروع کردیا تھا۔ اس واقعہ کے بارے میں بچے کی ماں نے فوکس نیوز کو بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی جماعت کے تمام ساتھیوں کو مدعو کیا تھا مگر کیا وجہ ہوئی کہ ان میں سے کوئی بھی وقت پر نہ پہنچا جو اس مرض میں مبتلا بچے کیلئے پریشان کن بات تھی۔ فائر فائٹرز نے بچے کیلئے جو تحفے خریدے تھے ان میں ایک بیج اور ایک ہیٹ شامل ہے جو اسے بیحد پسند آیا۔

شیئر: