آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ءکی تقریب
ویلنگٹن: آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2018ءکی لانچنگ کر دی گئی۔ ٹورنامنٹ کے شروع ہونے میں 43 دن باقی رہ گئے، ایونٹ 13 جنوری سے 3 فروری 2018 تک نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا جس میں دنیائے کرکٹ کی 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، ویسٹ انڈین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئندہ برس شیڈول انڈر 19 ورلڈ کپ کی لانچنگ تقریب ویلنگٹن میں منعقد ہوئی جس میں نیوزی لینڈ کرکٹ کے وزیر کھیل ہون گرانٹ روبرٹسن، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن، نیوزی لینڈ کرکٹ چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ اور ایونٹ برانڈ ایمبیسڈر کورے اینڈرسن سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ انڈر 19 ورلڈ کپ کئی وجوہ کی وجہ سے اہمیت کا حامل ہے ، اسی کے ذریعے سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر سینئر ٹیم میں شامل ہونے کا موقع ملتا ہے۔ کیوی آل راونڈر کورے اینڈرسن نے کہا کہ میگا ایونٹ کا برانڈ ایمبیسڈر مقرر ہونا میرے لئے باعث اعزاز ہے، میں نے ملک کیلئے دو انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلے اور ان کے تجربے کو کبھی نہیں بھولوں گا۔ آسٹریلیا اور ہند 3، 3 بار ٹائٹلز جیت کر کامیاب ترین ٹیمیں ہیں جبکہ پاکستان واحد ٹیم ہے جس کو عالمی ٹائٹل کا دفاع کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔