جہانگیر خان کے اعزاز میں جاپان کا یادگاری ٹکٹ
ٹوکیو: جاپانی حکومت نے اسکواش کے سابق عالمی چیمپیئن پاکستانی لیجنڈ جہانگیر خان کے اعزاز میں یادگاری ٹکٹ جاری کر دیا۔ جاپان نے اسکواش کے سابق عالمی چیمپیئن جہانگیر خان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں یادگاری ٹکٹ جاری کیا ہے۔ جہانگیر خان کو عنقریب دورہ جاپان کی دعوت بھی جائے گی جہاں ان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔جاپانی میڈیا کے مطابق جہانگیر خان جیسے کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، ان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یادگاری ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ سابق عالمی چیمپیئن جہانگیر خان دنیا کے واحد اسکواش کھلاڑی ہیں جنہوں نے 555میچوں میں لگاتار کامیابی حاصل کی جو آج تک ورلڈ ریکارڈ ہے۔جہانگیر خان اپنے کیریئر میں 6 بار ورلڈ اسکواش چیمپیئن اور 10 مرتبہ برٹش اوپن چیمپیئن رہ چکے ہیں جبکہ 6 سال تک ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے صدر بھی رہے ہیں۔