پی ایس ایل3 کا شیڈول تیارہے
دبئی :پی سی بی کی طرف سے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا شیڈول تیار ہو گیا ہے جسے حتمی منظوری کیلئے تمام فرنچائزز کو بھیج دیا گیا ہے۔ پہلا میچ 22 فروری 2018ءجبکہ فائنل کراچی میں 25 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ پہلا میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور نئی ٹیم ملتان سلطانز کے درمیان متوقع ہے۔
فرنچائزز کی جانب سے منظوری کے بعد شیڈول کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کر دیا جائے گا۔ پی سی بی نے آمدورفت کے مسائل کے باعث ابوظبی کو ممکنہ وینیوز میں شامل نہیں کیا جس کا مطلب ہے کہ پی ایس ایل کے کل 34 میچ دبئی، شارجہ، لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ابتدائی طور پر ابوظبی میں پی ایس ایل کے 6 میچ کروانے کا منصوبہ تھا۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی پہلے ہی تصدیق کر چکے ہیں کہ پی ایس ایل3کا فائنل میچ کراچی کے نیشنل ا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔