نئی دہلی۔۔۔۔بی جے پی کے سینیئر رہنما مختار عباس نقوی نے گجرات اسمبلی انتخابات کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی سے روز انہ نئے سوالات کرنے پر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے بارے میں کہا کہ سوالات کے سورمابننے والے کو خود ملک کی سیاست اور ثقافت کی اے بی سی ڈی نہیں معلوم۔ نقوی نے راہول گاندھی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ جنہیں برگر اوربیگن ، پیاز اور پیزا ۔ کیک اور کیلے کا فرق نہیں معلوم وہ سوالات کے سورما بننے نکلے ہیں۔راہول گاندھی کو ملک کی ثقافت اور سیاست سمجھنے کا درس دیتے ہوئے مختار عباس نقوی نے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ پہلے وہ ملک کی سیاست اور ثقافت کی اے بی سی ڈی بتائیںپھر انہیں تمام جوابات مل جائیں گے۔ راہول گاندھی گجرات اسمبلی انتخابات کو لیکر وزیر اعظم سے روزانہ ایک سوال ٹویٹر اورانتخابی اجلاس کے دوران کررہے ہیں۔ واضح ہوکہ گجرات میںاسمبلی انتخابات 9اور 14دسمبر کو 2مرحلوں میں ہونے والے ہیں۔اس سلسلے میں بی جے پی اور کانگریس پارٹی کی انتخابی مہم عروج پرہے۔