میکسیکو سٹی.... یہاں ایک فنکار اپنے معمول کے مطابق اسٹیج پر شو کررہا تھا اور گانا گانے میں اس قدر مصروف تھا کہ کبھی وہ ایک کنارے سے دوسرے کنارے جاتا اور کبھی وہاں سے پہلی والی جگہ پر آتا ۔ یہ انداز پاپ موسیقی کا عام انداز بن چکا ہے اور وہ بھی غالباً اسکی تقلید کررہا تھا۔ تاہم اسکی قسمت خراب تھی کہ پروگرام کیلئے جو اسٹیج بنایا گیا تھا اس میں اچانک گڑھا پڑ گیا اور قبل اس کہ کے گلوکار سنبھلتا وہ اس میں جاگرا۔ اسٹیج کے سامنے بیٹھے افراد کی سمجھ میں کچھ نہ آیا وہ حیران ہوگئے کہ آخر یہ گلوکار گانا گاتے ہوئے کہاں چلا گیا۔ تھوڑی دیر بعد ہی اسکے گانے کی آواز کے بجائے چیخنے کی آواز آئی تو پتہ چلا کہ وہ نیچے گرا ہوا ہے او راسکی ایک پسلی اور انگلی ٹوٹ چکی ہے۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ اچانک گلوکار کو اسٹیج سے غائب دیکھ کر وہ حواس باختہ ہوگئے تھے کیونکہ جادو کے پروگرام میں تو یہ عام بات ہے مگر میوزیکل پروگرام میں انہوں نے نہ تو پہلے کبھی دیکھا نہ سنا۔ فنکار کی عمر 50سال بتائی جاتی ہے اور وہ ملک کا مشہور فنکار مانا جاتا ہے۔ اب اسکی حالت اسپتال میں اطمینان بخش ہے۔