واشنگٹن ۔۔۔ امریکہ کی سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے6 مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں کی امریکہ آمد پر لگائی جانے والی پابندی مکمل طور پر نافذ العمل ہو سکتی ہے۔ سپریم کورٹ کے 9 میں سے 7 ججوں نے امریکی انتظامیہ کی اس درخواست کو منظور کیا کہ ماتحت عدالتوں کی جانب سے صدر ٹرمپ کے حکم نامے پر عائد کردہ پابندیوں کو ہٹا دیا جانا چاہیے تاہم چاڈ، ایران، لیبیا، شام، صومالیہ اور یمن سے سفر کرنے والے افراد پر پابندیوں کے حوالے سے اب بھی قانونی چیلنج موجود ہیں۔امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے جانیوالے اس فیصلے کے بعد اس معاملے کو اب اس ہفتے سان فرانسسکو، کیلیفورنیا اور رچمنڈ کی وفاقی عدالتوں میں سنا جائے گا۔