خادم حرمین شریفین سے امریکی صدر کا ٹیلیفونک رابطہ،فلسطینی عوام کے حقوق سے متعلق مملکت کے غیر متزلزل موقف کا بھرپور اعادہ
ریاض.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے واضح کیا ہے کہ حتمی تصفیے سے قبل القدس کی بابت امریکہ کا کوئی بھی اعلان امن عمل کو نقصان پہنچائے گا۔ انہوں نے یہ بات امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہی۔ شاہ سلمان نے اس موقع پر امریکی صدر کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ نے حتمی تصفیہ تک رسائی سے قبل القدس کی بابت کوئی اعلان کیا تو اس سے نہ صرف یہ کہ امن مذاکرات کو نقصان پہنچے گا بلکہ خطے کی کشیدگی میں بھی اضافہ ہوگا۔ فلسطینی عوام اور انکے تاریخی حقوق سے متعلق سعودی عرب کی پالیسی غیر متزلزل ہے۔ شاہ سلمان نے زور دیکر کہا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ سے مسلمانان عالم کے جذباتی لگاﺅ کے باعث اس قسم کے کسی بھی اقدام پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مشتعل ہونگے۔