کویت .... کویت میں منعقدہ38ویں خلیجی سربراہ کانفرنس نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے وژن نے جی سی سی ممالک کے درمیان تکمیل باہم کی بنیادیں استوار کردیں۔ خلیجی قائدین دسمبر 2015ءمیں شاہ سلمان وژن کی منظوری دے چکے ہیں۔ خلیجی قائدین نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں جسے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے پڑھ کر سنایا خلیجی ممالک کے درمیان اقتصادی تکمیل باہم اور اقتصادی معاہدے کی دفعات پر مکمل عمل درآمد نیز مشترکہ خلیجی منڈی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے پر زور دیا۔ علاوہ ازیں کسٹم یونین کے تقاضے پورے کرنے کی ضرورت کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی گئی۔ قائدین نے خطے میں امن و استحکام کے تحفظ اور عرب اقدار و اسلامی تعلیمات کے دفاع کی بنیاد پر انتہا پسندانہ افکار اور دہشتگرد تنظیموں کے انسداد کی اہمیت پر بھی زوردیا۔