کویت پر فیفا کی پابندی ختم
محمد عرفان شفیق۔ کویت
کویت: عالمی فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے کویت فٹبال ایسوسی ایشن پر انٹرنیشنل فٹبال میچوں میں کھیلنے پر لگائی گئی پابندی اٹھا لی ہے۔ فیفا کے صدر سوئس نژاد اٹالین جیانی انفٹینو کے حالیہ دورہ کویت کے دوران فیفا کی جانب سے یہ اعلان کیا ہے ۔ کویت فٹبال ایسوسی ایشن عالمی فٹبال کے طے شدہ ضابطہ نمبر14اور 19پر پوری نہیں اتر رہی تھی۔ فیفا کے ترجمان کے مطابق کویت کی پارلیمنٹ نے فٹبال کےلئے اب ایسے ضابطے مرتب کئے ہیں جو عالمی فٹبال فیڈریشن (فیفا) کے قوانین کے عین مطابق ہیں۔
واضح رہے کہ فیفا کی جانب سے اکتوبر 2015 میں کویت پر بین الاقوامی فٹبال کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی جس کی وجہ سے کویت عالمی فٹ بال کپ 2018ءروس کے لئے کوالیفائنگ راونڈ میں بھی شرکت نہیں کر سکا تھا اور اسی حوالے سے کویت 2019 کے ایشین گیمز میں بھی حصہ نہیں لے سکے گا کیونکہ ایشین کپ میں حصہ لینے والی ٹیمیں بھی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ سے منسلک تھیں۔ یاد رہے کہ 2016 کے اولمپکس میں کویت کے دستے نے آزادانہ طور پر حصہ لیا تھا۔