Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان پیپلز پارٹی کا قیام برصغیر کا ایک اہم واقعہ تھا

 بھٹو نے پاکستان کو جوہری طاقت بنایا، ریاض میں پی پی کا 50واں یوم تاسیس
ریاض (جاوید اقبال) صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر برائے سعودی عرب سردار محمد رزاق خان نے کہا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ ہنری کسنجر کی تنبیہ کے باوجود ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کا جوہری پروگرام ترک نہ کیا اور ان کے اسی دلیرانہ فیصلے نے وطن عزیز کو عالم اسلام میں سرفراز کر دیا۔ وہ جمعرات کی رات پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے پی پی آزاد کشمیر سعودی عرب کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقریب میں صدارتی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے محنت کش طبقے کو اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھانے کا چلن سکھایا، وہ عالم اسلام کے مقبول ترین رہنما بنے۔ اسلامی کانفرنس کا انعقاد کرایا اور پاسپورٹ کا حصول آسان بنا کر خلیجی ممالک میں اپنے وطن کے لاکھوں محنت کشوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے۔ سردار رزاق خان نے واضح کیا کہ کشمیر ی آج بھی ذوالفقار علی بھٹو کو اپنا رہنما سمجھتے ہیں۔ وہ ایک صاحب بصیرت رہنما تھے جو مغرب کی سیاست اور چالوں کو بخوبی سمجھتے تھے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر بڑی جرات سے اٹھایا اور پارلیمان کے ذریعے احمدیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دلوایا۔ اجتماع سے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و صدر سردار محمد یعقوب خان نے مظفر آباد سے بذریعہ ٹیلیفون خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی 50ویں سالگرہ پر مبارکباد دی او رکہا کہ برصغیر کے موجودہ حالات میں ذوالفقار علی بھٹو کی کمی بری طرح محسوس ہورہی ہے۔ ان کے منظرعام سے ہٹتے ہی پاکستان مشکلات میں گھر گیا تھا۔ اجتماع سے سردار ریحان اشفاق، سردار محمد شہزاد خان، الیاس رحیم ، پرویز کھٹانہ اور جہانگیر بدر نے بھی خطاب کیا اور پیپلز پارٹی کے قیام کو برصغیر کی تاریخ میں ایک اہم واقعہ قرار دیا۔ مہمان خصوصی انٹرنیشنل کشمیر پریس کلب کے سینیئر نائب صدر انجینیئر محبوب الرحمان جبکہ اعزازی مہمانان خصوصی پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین پرویز کھٹانہ اور پی پی آزاد کشمیر کے سردار محمد شہزاد خان تھے۔ حافظ عرفان کھٹانہ کی تلاوت قرآن پاک سے آغاز ہوا۔ نظامت کے فرائض سردار نصیر خان نے انجام دئیے جبکہ اختتامی دعا بھی حافظ عرفان کھٹانہ نے کرائی۔ 

شیئر: