بلوچستان میں سیکڑوں فراریوں نے ہتھیار ڈال د ئیے
کوئٹہ...بلوچستان میں سیکڑوں فراریوں نے ہتھیار ڈال د ئیے۔ کالعدم تنظیموں کے 313 فراری قومی دھارے میں شامل ہوگئے۔17 کمانڈر شامل ہیں۔بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں ہتھیار ڈالنے کی تقریب ہوئی ۔وزیراعلیٰ ثنااللہ زہری کے سامنے فراریوں نے ہتھیار ڈالے۔کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم اور دیگر حکام بھی مو جود تھے۔ حکومت کی جانب سے سرنڈر کرنیوالوں کو مراعات دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔ وزیراعلیٰ ثنااللہ زہری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگیں جذبے سے جیتی جاتی ہیں ہتھیاروں سے نہیں۔ بھٹکے ہوئے نوجوانوں کے واپس آنے پرخوشی ہے۔چند لوگ آپ کو کچھ ٹکوں کی خاطر استعمال کررہے ہیں اور خود باہر بیٹھ کر عیاشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ امید ہے مزید بھٹکے ہوئے لوگ بھی قومی دھارے میں شامل ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف لڑنے والوں سے سختی سے نمٹیں گے۔ جو راہ راست پر آئیں گے، حکومت انہیں سہولتیں دے گی اور عام شہریوں کی طرح عزت دیں گے۔