جھنگ.. وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت جون میں مدت پوراکرےگی،اگست میں الیکشن ہوں گے۔ فیصلے کااختیارعوام کے پاس ہوناچاہیے۔سب ملکر کوشش کریں کہ جمہوریت آگے بڑھے۔ جھنگ میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ آج کل مسلم لیگ (ن) کے خلاف اتحاد پراتحاد بن رہے ہیں لیکن زیرو جمع زیرو،زیرو ہی رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوچکا ہے ۔بجلی چوروں کوبجلی کی فراہمی حکومت کی ذ مہ داری نہیں۔جہاں بجلی کی چوری ہوگی۔ وہاں لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو 10 ہزار میگا واٹ بجلی کی ضرورت تھی۔ کم وقت میں نہ صرف یہ قلت پور ی کی بلکہ2030 تک کے لئے بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین گالم گلوچ کرتے ہیں۔ ہماری تربیت نواز شریف نے کی ہے جو نجی محفلوں میں بھی مخالفین کو گالیاں نہیں دیتے۔