نئی دہلی .... قومی دارالحکومت سے ملحق نوئیڈا کی پولیس نے ماں اور بہن کو قتل کرنے کی پاداش میں مفرور نابالغ بیٹے کو بنارس سے گرفتار کرلیا ہے۔ ہفتے کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گریٹر نوئیڈا پولیس کے کپتان نے بتایا کہ گریٹر نوئیڈا کی گوڑھ سٹی میں واقع مکان میں یہ واردات 4دسمبر کو پیش آئی تھی جسکے بعد نابالغ ملزم فرار ہوگیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نے گرفتاری کے بعد اقبال جرم کرلیا جس کا پولیس نے بیان بھی قلمبند کرلیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ پڑھائی پر ماں کی ڈانٹ اور چھوٹی بہن کو ملنے والے زیادہ پیار سے ہمیشہ غصے میں رہتا تھا۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے واردات والے دن پہلے اپنی ماں پر بیٹ سے حملہ کیا اور بہن بیدار ہوگئی تو اسے بھی بیٹ سے ہی مار ڈالا۔ پوری تسلی کیلئے بیٹ سے مارنے کے بعد اس نے قینچی اور پیزا کٹر سے بھی ماں اور بہن پر وار کئے۔ نوئیڈا پولیس نے بتایا کہ نابالغ ملزم اپنی بہن کو والدین کی طرف سے زیادہ پیار ملنے ا ور مسلسل خود کو ڈانٹ پڑنے سے بیحد غمگین رہتا تھا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ واردات والے دن پڑھائی کے معاملے پر ماں نے اسکی پٹائی کی تھی۔ اسی پر وہ طیش میں آگیا تھا۔ رات کو تقریباً ساڑھے 9بجے اس نے سب سے پہلے ماں پر حملہ کیا اور اسے جب لگا کہ بہن اٹھ گئی ہے تو اس پر بھی حملہ کردیا۔ اس کے بعد ملزم نے کپڑے تبدیل کئے اور رات سوا 11بجے اپنے بیگ میں کچھ رقم ڈال کر مکان سے باہر آیا اور ٹیکسی کے ذریعے دہلی پہنچا جہاں سے ٹرین لیکر لدھیانہ پہنچ گیا۔ دوسری ٹرین سے چندی گڑھ گیا ۔ بھٹکتے ہوئے وہاں سے بس کے ذریعے شملہ پہنچ گیا اور شملہ سے دوبارہ بس میں بیٹھ کر چندی گڑھ واپس آیا اوروہاں سے ٹرین کے ذریعے رانچی پہنچ گیا۔ رانچی سے دہلی آنے والی ٹرین میں بیٹھ کر وہ مغل سرائے میں اتر گیا۔ اس نے ایک راہگیر سے اسکا موبائل لیکر اپنے والد کو کال بھی کی۔ پولیس کے مطابق مرنے والی ماں کا نام انجلی اور بہن کا نام منی کارنیک بتایاگیا ہے۔ پولیس کے مطابق اسے اس قتل کی واردات کے بعد بیٹے پر ہی شک تھا کیونکہ وہ واردات کی رات سے ہی غائب تھا۔ یہی نہیں بلکہ سوسائٹی سے باہر نکلتے ہوئے سی سی فوٹیج میں بھی اسے دیکھا گیا تھا۔ ملزم کے باپ کے مطابق وہ یہ طے نہیں کرپارہا کہ نابالغ بیٹے کو بچائے یا پھر اسے قانون کے حوالے کردے تاہم پولیس نے ہفتے کو عدالت میں پیش کرکے ملزم کو اصلاح گھر بھیج دیا ہے۔