نئی دہلی.... یوپی کی ایک عدالت نے 2006ءکے نٹھاری ہلاکتوں کے کیس میں منندر سنگھ پنڈھیر اور سریندر کولی کو سزائے موت سنادی۔اتر پردیش کے ضلع غازی آباد کی سی بی عدالت نے قتل و زیادتی کے تیسرے کیس میں پنڈھیر او ر کولی کومجرم قرار دے کر پھانسی کی سزا سنائی ۔ ان دونوں کا 2006ءمیں گھریلو نوکرانی انجلی کو زیادتی کے بعد قتل کرنےکا مجرم پایا گیا۔25سالہ انجلی جب12اکتوبر2006ءکو گھر نہیں پہنچی تو اس کے گھر والوں نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی تھی۔29دسمبر 2006کو کولی کی گرفتاری کے بعد پولس کو نوئیڈا میں پنڈھیر کے گھر کے عقب نالے میں انسانی کھوپڑیاں اور ہڈیاں پڑی ملی تھیں۔ان میں سے ایک کھوپڑی کا ڈی این اے نمونہ انجلی کی ماں اور بھائی سے مل گیا۔ گمشدگی کے وقت اس نے جو کپڑے پہن رکھے تھے اس کے گھر والوں نے پہچان لئے۔یہ تیسرا معاملہ ہے جس میں پنڈھیر کو مجرم پایا گیاہے ۔وہ دیگر دو معاملات میں پہلے ہی سزائے موت کا مستحق قرار دیا جا چکا ہے۔ کولی کو اس سے قبل دیگر8معاملات میں قصور وار قرار دے کر پھانسی کی سزا سنائی جا چکی ہے۔