مملکت کےخلاف ایران کی ناپاک سازشیں کامیاب نہیں ہو ںگی ، قائد اعلی حرکہ حمایہ الحرمین
جدہ ( ارسلان ہاشمی) جامعہ علوم الاثریہ جہلم کے نگران اعلی اور حرکہ حمایہ الحرمین الشریفین پاکستان کے قائد حافظ عبدالحمید عامرنے کہا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے قبلہ اول کے خلاف کی جانے والی کارروائی عالم اسلام میں اضطراب پیدا کر دے گی ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے جاری ہونے والا بیان عالم اسلام کا ترجمان ہے ۔ وہ جدہ میں حاجی عبدالرﺅف کی رہائش پر اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ںنے مزید کہا مسلمانوں کے قبلہ اول کو اسرائیل کا دار الحکومت قرار دینا عالم اسلام کے خلاف گہری سازش ہے ۔ اسلامی کانفرنس تنظیم اور عالمی سطح پر اس حوالے سے فوری اورجامع حکمت عملی مرتب کرے ۔ امریکی صدر کے بیان نے عالم اسلام میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے جو خطے کے امن کےلئے خطرناک اقدام ہے ۔ حافظ عبدالحمید نے مزید کہا سرزمین حرمین عالم اسلام کا مرکز و محور ہے ۔ ایران کی جانب سے حرمین کےلئے کی جانے والی سازشیں بے نقاب ہو چکی ہیں ۔ گزشتہ دنوں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر راکٹ حملے نے اسلامی دنیا میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ۔ہم ایران کو یہ بات واضح طور پر بتا دینا چاہتے ہیں کہ حرمین شریفین کے تقدس اور اسکی حفاظت کےلئے پاکستان کا بچہ بچہ کٹ مرے گا ۔ناپاک ایرانی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔