Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ویلفیئر سوسائٹی بہترین انداز میں فلاحی کام کررہی ہے ، سفیر پاکستان

پی ڈبلیو ایس کے دوسرے سالانہ میڈیکل کیمپ کا افتتاح ،متعدد شعبوں کے ماہرین کی شرکت
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے تمام ممبران بہترین انداز میں کمیونٹی کی خدمت کر رہے ہیں ۔ اس فلاحی کام میں انکے ساتھ ہر ممکن تعاون کیاجائیگا ۔ قونصلیٹ میں منعقدہ پاکستان ویلفیئر کیمپ کے دوسرے سالانہ طبی کیمپ کے افتتاح کے بعد اردونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے مزید کہا کہ مملکت میں خدمت انجام دینے والے پاکستانی ڈاکٹرز کی خدمات مثالی ہیں ۔ جنہیں ہر مقام پر عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے ۔ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے طبی کیمپ میں رضاکارانہ طور پر ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو ہم وطنوں کی بے لوث خدمت کرتے دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوئی ۔ یہ لوگ جس طرح بے لوث ہو کر کام کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ طبی کیمپ کا قیام انتہائی مستحسن اقدام ہے جس کےلئے قونصلیٹ ہر طرح کا تعاون جاری رکھے گی ۔ ہشام بن صدیق نے پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے میڈیکل کیمپ میں موجود تمام ڈاکٹروں سے فردا ًفرداً ملاقات کی اور انکے جذبہ خدمت کو سراہا ۔ اس موقع پر پی ڈبلیو ایس کے بانی ڈاکٹر خلیل الرحمان نے اردونیوز کو بتایا کہ دوسرے سالانہ کیمپ میں بیشتر شعبوں سے متعلق ڈاکٹروں نے شرکت کی جن میں لیڈی ڈاکٹر ز بھی خصوصی طور پر موجود تھیں ۔ کیمپ میں جو شعبے قائم کئے گئے تھے ان میں انٹرنل میڈیسن ، آرتھوپیڈک ، یورولوجسٹ ، گائنی ، ای این ٹی ، نیورولوجسٹ ، امراض قلب کے علاوہ ڈینٹل اور امراض چشم کے شعبے کے معالجین خاص طور پر قابل ذکر ہیں ۔ میڈیکل کیمپ میں الٹرا ساﺅنڈ اور ایکو، شوگر اور بلڈ پریشر کے معائنے کی سہولت کے علاوہ ضروری ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں ۔ واضح رہے پی ڈبلیو ایس میڈیکل کیمپ کے انچارج اور مردانہ شعبے میں طبی کلینک کے سپروائزر کے طور پر ڈاکٹر شکیل بخش جبکہ خواتین شعبے کے انچارج اور کلینک کی سپروائزر ڈاکٹر رابعہ خاتون نے خدمات انجام دیں ۔ڈاکٹر امجد عبید اور انور انجم نے مناسب غذاءکی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ سید شھاب الدین ، محمد فہیم ، خلیل جنجوعہ ، عمران عباسی اور مس نورین نے کیمپ کے انتظامات میں اہم کردار اداکیا ۔ 
 

شیئر: