ماسکو ۔۔۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹین پیر کو ترک ہم منصب سے ملاقات کیلئے ترکی کا دورہ کریں گے جس کے دوران دونوں رہنماء مقبوضہ بیت المقدس کی حالیہ تیزی سے بدلتی صورتحال اور شام کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔ حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ دونوں رہنماء مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر غور کریں گے۔روس کے صدر ترک ہم منصب سے ملاقات میں امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اور شام کے تنازعے پرتبادلہ خیال کریں گے۔ ترک صدارتی دفتر کے مطابق صدر پوٹین اردوگان کی دعوت پر انقرہ کا دورہ کررہے ہیں۔دورے کے دوران دونوں رہنماء باہمی تعاون سے متعلق موجودہ مسائل اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے جاری منصوبوں پر بات چیت کریں گے۔روسی ترجمان نے مزید بتایا کہ مذاکرات کے دوران کئی عالمی مسائل بشمول مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور شامی تنازعے کے حل پر بھی بات چیت کی جائیگی۔