پی آئی ایس جے ، العزیزیہ میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے پرنسپل کا خطاب
جدہ( ارسلان ہاشمی) پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ میں یوم اقبال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹر محمد اکرم نے کہا ہے کہ علامہ نے ہمیشہ مسلم نوجوانوں کو شاہین سے تشبیہ دی ہے ۔ وہ قوم مسلم کو شاہین صفت دیکھنے کے خواہاں تھے ۔ شاہین وہ استعارہ ہے جو دوراندیشی ، بلند ہمتی و بے خوفی اور اعتماد و بلند پروازی کا مجموعہ ہے۔ علامہ اقبال مسلم نوجوانوں میں شاہین کی صفات دیکھنے کے خواہاں تھے تاکہ قوم کا مستقبل محفوظ ، تابناک ہو اور مستحکم و جری افراد ملک و ملت کو میسر آئیں ۔ پرنسپل ڈاکٹر اکرم نے طلباءکو فکر اقبال سے روشناس کرتے ہوئے کہا کہ علامہ کا فلسفہ خودی دراصل قرب الہیٰ کا ذریعہ ہے ۔ خودی ہمیں اغیار کے سامنے جھکنے نہیں دیتی دراصل خودی معراج انسانیت ہے ۔ ہمارے نوجوان اپنی فکر کو علامہ اقبال کے افکار سے روشن کریں اور اپنے اندر شاہین کی صفات پیدا کریں ۔ قبل ازیں جماعت نہم کے طالب علم معاذ محمد عاصم اور جماعت ہفتم کے سلمان ملک نے اقبال کے مرد مومن ، تصور شاہین ، خودی اور مردحق پر مدلل اظہار خیال کیا ۔ جماعت نہم کے بلال شعیب اور ایہاب نعیم نے علامہ اقبال کی خدمات اور فلسفہ خودی پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے جذبات کی ترجمانی انگلش میں کی ۔ شرجیل اسلم ، معیذ ناصر اور احمد زبیر نے کلام اقبال پیش کیا ۔ یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب کی تیاری میں سیکشن ہیڈز محمد خلیل عمران اور عبدالعلیم عامر نے کلیدی کردار ادا کیا ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز عمیر عابد کی تلاوت آیات ربانی اور عبدالرحمان قریشی کی نعت مبارک سے ہوا ۔نظامت کے فرائض مشتاق ملک نے انجام دیئے ۔ یوم اقبال کی تقریب کا اختتام قومی ترانے پر ہوا ۔