حیدرآباد۔۔۔۔۔۔صدر مجلس اسد الدین اویسی نے پیر کو اترپردیش کے مختلف بلدیاتی نومنتخب پارٹی ارکان سے ملاقات کی۔اس موقع پر صدر مجلس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اترپردیش میں بڑے شہروں اور دیہات تک مجلس کا پیغام پہنچ چکا ہے ۔ اب صرف ہمیں اعتماد پیداکرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیروزآباد کے عوام نے بے خوف ہوکر پُرجوش طریقہ سے مجلس کے حق میں ہزاروں کی تعداد میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ فیروز آباد سماج وادی پارٹی کا گڑھ مانا جاتا ہے جس میں اکھلیش یادو کا خاندان ہمیشہ کامیاب ہوتا آیا ہے ۔ اس جگہ سے مجلس کے میئر کے امیدوار نوشاد علی کو ہزاروں کی تعداد میں ووٹ حاصل ہوئے۔فیروز آباد سے2 ارکان بلدیہ کامیاب ہوئے۔ گھاسنا میونسپل کونسل کے صدرنشین کے طورپر عارف چودھری کی اہلیہ نے کامیابی حاصل کی ۔یہ لمحات مجلس کے لئے خوشی اور فخر کے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیروز آباد میں اس بات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ کہاں کمی رہ گئی ۔یوپی کے صدر شوکت علی ان تمام چیزوںکا ازسرنو جائزہ لیں گے۔بیرسٹر اویسی نے کہا کہ کانپور کے انتخابات میں مجلس حصہ لے گی ۔ اس کیلئے وہ کانپور آنے کو تیار ہیں۔ کانپور میں اسمبلی انتخابات میں زبردست ردعمل حاصل ہوا۔نتیجہ کچھ اور برآمد ہوا۔سنبھل میں بھی مجلس کے امیدوار نے اچھے ووٹ حاصل کئے ۔ہمیں ہر جگہ بے خوف ہوکر مقابلہ کرنا ہے۔ اس سے عوام میں اعتماد پیداہوگا۔ یہی چیز ہمیں مستقبل میںکامیاب کرے گی۔ یوپی میں پارٹی کومستحکم کرنا اور جماعت کے تنظیمی ڈھانچہ کو مضبوط کرنا ہے۔جن علاقوں میں ہمیں کامیابی مل سکتی ہے وہاں زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آئندہ ڈیڑھ سال میں عام انتخابات ہوں گے اس لئے ابھی سے ہمیں حکمت عملی تیار کرنا ہوگا کہ ہم کس طرح سے کام کریں گے ۔ سماج وادی پارٹی ، کانگریس اوربہوجن سماج پارٹی میں وہ قابلیت نہیں ہے کہ وہ بی جے پی کے بڑھتے قدموںکو روک سکے۔ان جماعتوں میں سیاسی تدبر نہیں ہے کہ بی جے پی کے عزائم کو شکست دے سکیں۔